یمن کے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو صحت اور کھانے پینے کے سامان کی اشد ضرورت ہے  اقوام متحدہ

طلب کی جانے والی 27کروڑ 74لاکھ ڈالر کی امداد رقم سعودی عرب فراہم کرے گا  سعودی عرب کا اعلان

اتوار 19 اپریل 2015 12:41

عدن/صنعاء/نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19اپریل۔2015ء) یمن کے مختلف شہروں میں سعودی اتحادی افواج کے فضائی حملوں میں 77افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے  باغیوں سے جاری لڑائی میں چار سعودی بھی زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد جاں بحق سعودی فوجیوں کی تعداد 11ہوگئی میڈیا رپورٹ کے مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ یمن کا جنوب مغربی حصہ دھماکوں اور فائرنگ کی آواز سے گونجتا رہا صدر منصور ہادی اور حوثی قبائل کے درمیان مسلح تصادم دن بھر جار ی رہا یمن کے تیسرے بڑے علاقے تیز میں سابق صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار فوج کے دستوں پر فضائی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہاجس کے نتیجے میں 55باغی مارے گئے مقامی ہیلتھ چیف نے بتایا کہ عدن میں جاری تصادم میں صدر ہادی کے 3 حماتیوں اور 3 خواتین سمیت 13شہری ہلاک ہوئے  قبائلیوں کی جانب سے اسنائپر گنوں کے استعمال کے باعث 16 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ہادی حمایتی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ عدن کے شمال میں واقع دالیح شہر میں تصادم کے دوران 9 حوثی قبائلی ہلاک ہوئے ہیں ادھر خلیجی اتحادی افواج کے ترجمان بریگیڈئر احمد العصیری نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے جنوب مغرب کے علاقے نجران میں مسلح تصادم کے نتیجے میں ایک سعودی سپاہی شہید ہوگیا ہے تاہم غیر ملکی میڈیا کے مطابق لڑائی میں چار سعودی فوجی جاں بحق ہوئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 11ہوگئی ادھر اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یمن کے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو صحت اور کھانے پینے کے سامان کی اشد ضرورت ہے۔

تاہم سعودی اتحادی ممالک کی پابندیوں کے باعث فضائی اور بحری راستے سے امداد پہنچانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔اقوام متحدہ کی جانب سے یمن کے لیے ہنگامی امداد کی اپیل پر سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سعودی عرب اپنے یمنی بھائیوں کے ساتھ ہے اور یمن میں جلد امن و استحکام کے لیے پر امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے طلب کی جانے والی 27کروڑ 74لاکھ ڈالر کی امداد رقم سعودی عرب فراہم کرے گا۔