بیت المال سے مفت علاج کیلئے مستحق مریضوں کی تعداد 3 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار سالانہ کرنے کا اعلان

پیر 20 اگست 2007 19:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اگست۔2007ء) وزیراعظم شوکت عزیز نے بیت المال سے مفت علاج کیلئے مستحق مریضوں کی تعداد 3 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار سالانہ کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ اب حکومت کے پاس وسائل کی کوئی کمی نہیں، دنیا سے الگ تھلگ رہ کر کسی قسم کی کامیابی حاصل نہیں کی جا سکتی لہٰذا عوام ملک کی خوشحالی اور ترقی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے اسلام اور پاکستان کا تشخص خراب کرنے والوں کیخلاف متحد ہو جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز جناح ہسپتال لاہور میں پاکستان بیت المال کے زیر اہتمام مستحق مریضوں میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ 8سال قبل ملکی خزانہ خالی تھا آج اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کی مالی حالت بہت بہتر ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک اور دین کیخلاف کام کرنے والوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جاری ترقیاتی کاموں اور ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں مفت علاج کا کریڈٹ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو جاتا ہے۔ وزیراعظم شوکت عزیز نے مزید کہاکہ کہ دنیا سے الگ تھلگ رہ کر کسی قسم کی کامیابی حاصل نہیں کیا جا سکتی لہٰذا عوام کل کی خوشحالی اور ترقی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے اسلام اور پاکستان کا تشخص خراب کرنے والوں کیخلاف متحد ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر عوام کی خدمت جاری رکھے گی ہر شہری کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے 600 مستحق مریضوں میں 3 کروڑ روپے کے امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے اور ہدایت کی کہ جناح برن سنٹر کو جلد مکمل کیا جائے۔