پولیو مہم کی طرز پر پنجاب بھر کے دیہی علاقوں میں گھر گھر جا کر چھ کروڑ گائے ’بھینسوں ‘بھیڑ بکریوں ‘ مرغیوں اور دیگر جانوروں کو بالکل مفت حفاظتی ٹیکے لگائے گئے ہیں،سردار عاشق ڈوگر

پیر 20 اپریل 2015 16:21

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) ایڈیشنل سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب سردار عاشق ڈوگر ‘ ایڈیشنل نے کہا ہے کہ پولیو مہم کی طرز پر پنجاب بھر کے دیہی علاقوں میں گھر گھر جا کر چھ کروڑ گائے ’بھینسوں ‘بھیڑ بکریوں ‘ مرغیوں اور دیگر جانوروں کو بالکل مفت حفاظتی ٹیکے لگائے گئے ہیں اور یہ ٹاسک کسی دوسرے محکمے کی معاونت کے بغیر تنہا محکمہ لائیو سٹاک نے انجام دیا ہے ۔

سیلابی علاقوں میں مویشیوں کے لئے 17 لاکھ کلو گرام ونڈا فراہم کیا گیا جبکہ سیلابی پانی می بہہ جانے والے مویشیوں کی متاثرہ مالکان کے نقصانات کے ازالہ کے لئے لائیو سٹاک فارمز سے انہیں ایک بھیڑ بکری کے مقابلے میں تین اور ایک گائے بھینس کے مقابلے میں دو گائے بھینس دی گئیں۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام جانوروں و مویشیوں کو مختلف بیماریوں کے اندرونی و بیرونی کرموں سے پاک کرنے کے لئے ڈی ورمنگ کے سلسلے میں فیلڈ ٹرائلز مہم کا افتتاح جڑانوالہ روڈ پر چک نمبر 227 ر ب کراڑہ میں کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پرایم پی اے چوہدری رضا نصرالله گھمن مہمان خصوصی تھے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر اعجاز خالق ‘ ای ڈی او زراعت ڈاکٹر اشتیاق حسن ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر ملک نواز ‘ ڈی ایل او ڈاکٹر حیدر علی خاں ‘ ایم ڈی بیڑ ٹریڈرز انٹرنیشنل اختر شب خیز اور دیگر ویٹرنری ڈاکٹرز ‘ عمائدین علاقہ ‘لائیو سٹاک فارمرز اور دیہی عوام کثیر تعداد میں اس موقع پر موجود تھے ۔

انہوں نے بتایا کہ گوبر ‘ دودھ اور بلڈ کے سمیپل کے ذریعے جانوروں کی بیماریوں سے متعلق پنجاب کے ہر ضلع کا سروے مرتب کرکے علاج کے لئے وسیع مہم کا آغاز کر دیا ہے کیونکہ پیٹ کے کیڑوں اور چیچڑ کے باعث بڑے جانور میں آدھا کلو دودھ کم ہو جاتا ہے جس کے باعث ایک ماہ میں 31 کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا ہے ۔ انہوں نے مویشی پال حضرات سے کہا کہ وہ محکمہ لائیو سٹاک کی سہولیات سے بھر پور فائدہ اٹھائیں ۔

ڈی ایل او ڈاکٹر حیدر علی خاں نے بتایا کہ سیکرٹری لائیو سٹاک نسیم صادق کی ہدایات پر جانوروں کو پیٹ کے کیٹروں سے محفوظ بنانے کے لئے یونین کونسل فیلڈ ٹرائلز کے آمدہ نتائج کے مطابق اس کا دائرہ وسیع کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تعداد اور اعلی نسل کے مویشیوں کے اعتبار سے فیصل آباد کو سرفہرست مقام اور اسی ضلع کو مویشیوں کے دودھ اور خوبصورتی میں مختلف مقابلوں میں انعامات جیتنے کا اعزاز بھی حاصل ہے ۔

لائیو سٹاک فارمر عبدالخالق نے لائیو سٹاک کی ترقی و تحفظ کے لئے محکومت پنجاب کی انقلازبی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات مویشی پال حضرات کی خوشحالی کے لئے قابل ستائش ہے ۔تقریب سے زونل مینجر ( بی ٹی آئی ) محمد یاسین اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے مویشیوں کی دیکھ بھال اور نشو و نما کے سلسلے میں مفید مشورے دئیے جبکہ اس موقع پر ویٹرنری ڈاکٹر روبی تبسم نے فارمرز کی آگاہی کے لئے جانوروں کی منہ سڑی بیماریوں سے متعلق گھریلو سطح پر آسان طریقہ سے ٹیسٹ کرکے دکھایا ۔ اس سے قبل فیتہ کاٹ کر اور جانوروں کو حفاظتی ٹیکے لگا کر مہم کا افتتاح کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :