آم کی بیماریوں کا بروقت تدارک کر کے پیداوار میں 28 فیصد تک اضافہ کیا جاسکتا ہے، ماہرین زراعت

منگل 21 اپریل 2015 16:01

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ آم کی بیماریوں کا بروقت تدارک کر کے پیداوار میں 28 فیصد تک اضافہ کیا جاسکتا ہے، آم کے پھولوں کے جھلساؤ کی بیماری سے آم کی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ہوسکتا ہے کیونکہ اس بیماری کی پھپھوند کے پھیلاؤ کیلئے 20 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ کا درجہ حرارت انتہائی موزوں ہوتا ہے ترجمان نے کہاکہ ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد تک ہونے سے بھی بیماری کے پھیلاؤ میں مدد ملتی ہے جس سے آم کے پھول متاثر ہو کر خشک ہونے کے بعد جھڑنا شروع ہوجاتے ہیں اور پھل نہیں بن پاتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ آم کے باغات پر کڑی نظر رکھیں اور اگر کسی قسم کی کوئی علامت ظاہر ہو تو فوری طور پر ماہرین زراعت سے مشورہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی آم ذائقہ اور معیار و لذت کے لحاظ سے دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتا ہے اس لئے اگر آم کے پودوں کو مختلف بیماریوں کے حملہ سے محفوظ نہ بنایا جائے تو قیمتی زرمبادلہ کے حصول کی توقع نہیں کی جاسکتی ۔