تمام سرکاری وغیر سرکاری سکولز انسداد ڈینگی بارے جاری کردہ ایس او پی پر عملدرآمد کویقینی بنائیں‘سیکرٹری کوآپریٹو

بدھ 22 اپریل 2015 14:08

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22اپریل۔2015ء)سیکرٹری کوآپریٹو بابر حیات نے اقبال ٹاؤن کی حدود میں واقع تمام سرکاری و غیر سرکاری سکولوں کے دورے کرنے اور حکومت کی طرف سے ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے جاری کر دہ ایس او پی پر عملدر آمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ، احتیاطی تدایبر پر عمل نہ کرنے والے سکول مالکان کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں گے۔

انہوں نے یہ بات یہاں اقبال ٹاؤن میں انسداد ڈینگی بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ٹاؤن میونسپل افسرتمام متعلقہ محکموں اور ٹاؤن کے افسران بھی موجود تھے۔انہوں نے ڈینگی لاروا کی تلاش پر مامور ٹیموں کو زیر تعمیر عمارتوں کو چیک کرنے اور وہاں تعمیر کے لئے جمع کردہ پانی میں ڈینگی لارواچیک کرنے کی بھی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے واسا اور لاہورو یسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام پر زور دیا کہ وہ خالی پلاٹوں میں موجود کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگائیں اور کسی بھی جگہ پانی کھڑا ہونے کی صورت میں اس کی فوری نکاسی کا بندوبست کریں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈینگی کے انسداد کے لئے تشکیل دی گئی ٹیمیں ابتک انڈور جگہوں کو چیک کر چکی ہیں جہاں ڈینگی لاروا پایا گیا تھا جسے تلف کر دیا گیا ہے جبکہ آؤٹ ڈور جگہوں کو بھی چیک کیا گیا اور ڈینگی لاروا پائے جانے پر اسے بھی تلف کردیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے ٹاؤن کی حدود میں موجود مساجد کو بھی چیک کیاجائے اور واٹر کولرز کے پاس موجودکھڑے پانی کوختم کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ڈینگی سے بچاؤ بارے احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے کی صورت میں مسجد کے امام کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔