لاہور میں گندے نالے سے پولیو کے پازیٹو سیمپل کی برآمدگی حکومت کے لیے لمحہ فکریہ ہے‘میاں کامران سیف

بدھ 22 اپریل 2015 14:09

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22اپریل۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ق)لاہور کے جوائنٹ سیکرٹری میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ لاہور میں گندے نالے سے پولیو کے پازیٹو سیمپل کی برآمدگی حکومت کے لیے لمحہ فکریہ ہے ،پولیو وائرس کے باعث پاکستانی شہریوں پر دنیا بھر میں پہلے ہی کئی قسم کی پابندیاں عائید ہیں اور ائیر پورٹ پر بیرون ممالک جانے والے افراد کو پولیو قطرے پلائے جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

میاں کامران سیف نے کہا کہ پولیو ایک خطرناک مرض ہے جو بچوں کو معذور بنادیتا ہے اقوام متحدہ سمیت دیگر ادارے اس مرض کے خاتمہ کیلئے سرگرم عمل ہیں اس سلسلے میں پاکستان میں بھی پولیو مہم جاری رہتی ہیں لیکن حکومت پولیو ویکسینیشن کو سنجیدگی سے نہیں لیتی گزشتہ دنوں لاہور کے گندے نالے سے پولیو ویکسین کی بڑی تعداد برآمد ہوئی لیکن تاحال اس کے ذمہ داروں کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں آسکی ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی غیر سنجیدگی کا اندازہ اس امر سے بھی ہوتا ہے کہ پولیو مہم کے دوران خدمات سرانجام دینے والی خواتین کو ان کا معاوضہ ادا نہیں کیا جاتا جس کے باعث یہ مہم ناکام ہوجاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پولیو کے خاتمہ کیلئے سنجیدہ اقدامات بروئے کار لائے تاکہ اس خوفناک مرض کا خاتمہ ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :