پاکستان اور ترکی کا زرعی پیداوار میں اضافے، مال مویشیوں کی افزائش اور بیماریوں کی روک تھام سمیت تمام متعلقہ شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

زرعی شعبہ میں دوطرفہ تعاون اعلیٰ سطح کی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے چوتھے اجلاس کے بعد مزید بہتر ہوگا ‘ڈاکٹر نیہات پاکدل

بدھ 22 اپریل 2015 16:37

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22اپریل۔2015ء) پاکستان اور ترکی نے زرعی پیداوار میں اضافے، مال مویشیوں کی افزائش اور بیماریوں کی روک تھام سمیت تمام متعلقہ شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کرتے ہوئے کہاہے کہ زرعی شعبہ میں دوطرفہ تعاون اعلیٰ سطح کی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے چوتھے اجلاس کے بعد مزید بہتر ہوگا۔پاکستان اور ترکی کی زرعی اسٹیئرنگ کمیٹی کا انقرہ میں دوسرا اجلاس ہوا ترکی کی وزارت خوراک، زراعت و لائیو اسٹاک کے نائب سیکریٹری ڈاکٹر نیہات پاکدل اور ایڈیشنل سیکریٹری نیشنل فوڈ سیکورٹی و ریسرچ سید معظم علی نے مشترکہ طور پر اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نیہات پاکدل نے کہا کہ ترکی پاکستان کے ساتھ تاریخی، سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کی وجہ سے بہت اہمیت دیتا ہے۔

(جاری ہے)

امید ہے پاکستانی وفد کے دورہ اور پروٹوکول پر دستخط سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ اس موقع پر سید معظم علی نے کہا کہ زرعی شعبہ میں دوطرفہ تعاون اعلیٰ سطح کی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے چوتھے اجلاس کے بعد مزید بہتر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکی کی اقتصادی اور دیہی ترقی کی حکمت عملی پر عمل کر رہا ہے اور اس کے زرعی شعبے میں ہونے والی بہتری سے ہم بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان زرعی و لائیو اسٹاک کی پیداوار، دیہی ترقی اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور پلانٹ پروڈکشن کے شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ اس کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔

دونوں فریقین نے جانوروں کی صحت کے تحفظ، جانوروں کے اعداد و شمار جمع کرنے، ان کی بیماریوں کی روک تھام، منہ کُھر کے علاج کے لئے ویکسین کی تیاری، لائیو اسٹاک کے شعبہ میں تحقیق، ویٹرنری خدمات اور دیگر متعلقہ معاملات میں بھی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک دیہی ترقی کے منصوبوں، ان پر عمل درآمد اور ان کی نگرانی کے ساتھ ساتھ زرعی شعبہ میں تحقیق کے ساتھ ساتھ معلومات کے نظام کو بہتر بنانے اور زرعی آلودگی کی روک تھام کے لئے بھی اقدامات کریں گے۔

اس سلسلے میں ترکی پاکستان کی فنی معاونت کرے گا۔ دونوں ممالک نے زرعی پیداوار کے شعبہ میں کام کرنے والی تنظیموں، مارکیٹنگ کی حکمت عملی، زرعی مصنوعات کو مشتہر کرنے اور دیگر متعلقہ معاملات میں بھی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اسٹیئرنگ کمیٹی کا آئندہ اجلاس 2016ء میں پاکستان میں ہوگا۔

متعلقہ عنوان :