بناسپتی گھی اور ویجٹیبل آئل کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عام آدمی تک پہچانے کے عمل کی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے ،مقررہ ریٹ سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کو قانونی کارروائی کا سامنا بھی کرنا پڑے گا

صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر ہارون احمد سلطان بخاری کی میڈیا گفتگو

بدھ 22 اپریل 2015 17:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22اپریل۔2015ء)صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر ہارون احمد سلطان بخاری نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے بناسپتی گھی اور ویجٹیبل آئل کی قیمتوں میں واضح کمی کے ثمرات عام آدمی تک پہچانے کے عمل کی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے،اس سلسلے میں مقررہ ریٹ سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کو قانونی کارروائی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے ۔

انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پرائس لسٹ پر گھی اور آئل کی پرانی اور نئی قیمت درج ہونی چاہئے تاکہ خریداری کے لئے آئے ہوئے صارفین قیمتوں میں کمی کے واضح فرق سے آگاہ ہو سکیں جبکہ بڑے سٹورز اور دکانوں کے باہر گھی اور آئل کی نئی قیمتیں اور ان میں کمی سے متعلق بینرز نمایاں جگہوں پر آویزاں ہونے چاہئیں ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو بے جا اور بلاجواز مہنگائی سے بچانے کے لئے جامع میکنزیم پر عملدرآمد کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا براہ راست جائزہ لے کر انتظامی افسران کو ضروری ہدایات دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گھی اور آئل کی قیمتوں کی تسلسل کے ساتھ انسپکشن کی جارہی ہے اس سلسلے میں اگر کسی جگہ مہنگے داموں فروخت کی شکایت سامنے آئے تو فوری کارروائی کرتے ہوئے قصور واروں کے خلاف مقدمات کے اندراج ساتھ ساتھ بھاری جرمانے بھی کئے جائیں گے۔