امام کعبہ شیخ خالد الغامدی کل جامع مسجد بحریہ ٹاؤن میں نماز جمعہ کا خطبہ دینگے ،امامت کریں گے

جمعرات 23 اپریل 2015 15:05

امام کعبہ شیخ خالد الغامدی کل جامع مسجد بحریہ ٹاؤن میں نماز جمعہ کا ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23اپریل۔2015ء)امام کعبہ شیخ خالد الغامدی کل ( جمعہ ) کو بحریہ ٹاؤن میں قائم پاکستان کی سب سے بڑی مسجد میں نماز جمعہ کا خطبہ دیں گے اور امامت کریں گے ۔حکومت پاکستان کی خصوصی دعوت پر امام کعبہ شیخ خالد الغامدی پاکستان پہنچ گئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق امام کعبہ کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس میں دوطرفہ تعلقات کو بھی مزید وسعت ملے گی۔

ملاقاتوں کے دوران خطے میں حالیہ کشیدگی اور یمن کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ امام کعبہ اپنے دورہ کے دوران سعودی حکومت اور پاکستانی عوام کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کرینگے۔ذرائع کے مطابق امام کعبہ کی لاہور اور اسلام آباد میں اعلیٰ حکومتی اور سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں ہوں گی،پولیو کے خاتمے کے حوالے سے سیمینار بھی شریک ہونگے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے انکے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

امام کعبہ اپنے دورہ پاکستان کے دوران جاتی امراء فارم پر بھی جائیں گے جہاں انکا پرتپاک استقبال کیا جائیگا ۔رائے ونڈ اور گردونواح سے ہزاروں افراد نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے بحریہ ٹاؤن پہنچیں گے ۔امام کعبہ کے دورہ سے قبل امام مسجد نبوی صلاح البدیر کا دورہ اچانک منسوخ کرکے موذن امام مسجدنبویﷺ الشیخ ایاد الشکری کو بھیجا گیا تھا مزید برآں امام کعبہ اسلام آباد قیام کے دوران اہم حکومتی شخصیات سے ملاقات بھی کرینگے ۔