اینٹی ڈینگی ریسپانس کمیٹی لاہور و والٹن کنٹونمنٹ بورڈز کا اجلاس،ڈینگی لاروا کے خاتمے کا عزم

حکومتی مشینری پوری طرح متحرک ہے ،اینٹی ڈینگی ٹیمیں لاروا تلف کرنے کے لئے کارروائیاں مزید تیز کردیں‘ لبنیٰ فیصل

جمعرات 23 اپریل 2015 17:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23اپریل۔2015ء ) ڈینگی لاروا کے خاتمے کے لئے حکومتی مشینری عوامی نمائندوں کی نگرانی میں تمام یونین کونسلز اور وارڈز میں پوری طرح متحرک ہے،اینٹی ڈینگی ٹیمیں لاہور اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈز کے تمام ہائر رسک ایریاز میں بلا ناغہ سرویلنس اور ٹارگٹ فوگنگ کی کارروائیاں مزیر تیز کردیں- یہ بات ایم پی اے لبنیٰ فیصل نے ٹاؤن ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کنٹونمنٹ بورڈز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی- ڈپٹی سیکرٹری ہائرایجوکیشن نعمان جمیل، ڈی ڈی او ہیلتھ کینٹ ڈاکٹر آصف اقبال، سینئر انٹالومالوجسٹ انعام الحق ، سکولز و کالج پرنسپلز،ڈی ایچ اے ، آرمی ایریاز، محکمہ صحت، تعلیم ، فشریز ، کوآپریٹو اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی- لبنیٰ فیصل نے کہا کہ جس طرح گزشتہ سال تمام محکموں نے دن رات ایک کرکے مربوط کوششوں سے ڈینگی کو شکست دی تھی اسی طرح رواں سال میں بھی آغاز ہی سے ڈینگی لاروا کی نشاندہی اور کنٹرول کرنے کے لئے مربوط لائحہ عمل اور مشترکہ کوششوں سے لاروے کو تلف کرنے کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جانے چاہئیں- انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا کی افزائش کے حوالے سے موجودہ موسم اور ماحول انتہائی سازگار ہے تاہم تمام سطح پر بھرپور کوششوں کے ذریعے ابتداء سے ہی لاروے کی افزائش کا عمل روکنا نسبتا آسان ہے-انہوں نے متعلقہ محکموں کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ شہریوں کو ڈینگی کے خطرے سے نمٹنے کے لئے شعور اجاگر کرنے اور حفاظتی تدابیر احتیار کرنے کے لئے آگاہی مہم اشد اہمیت کی حامل ہے -اجلاس کو رواں ہفتے کے دوران انسداد ڈینگی مہم کے لئے لاروا سرویلنس ، سپرے ، صفائی ستھرائی اور آگاہی مہم کے حوالے سے مختلف محکموں کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی- لبنیٰ فیصل نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی ریگولیشن پر عملدرآمد نہ کرنے والے ذمہ داران افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور اس حوالے سے فوری ایف آئی آرز کا اندراج اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے ہرممکن طور پر بچا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :