روٹین ایمونائزیشن اور پولیو کوریج کی غلط رپورٹنگ کے خاتمہ کیلئے تھرڈپارٹی پڑتال کا مؤثر سسٹم بنایا جائے گا

سکول ہیلتھ نیوٹریشن سپروائزرز کو ملازمت سے فارغ نہیں کیا جائے گا،پاکستان میں پولیو کی موجودگی شرمندگی کا باعث ہے‘پارلیمانی سیکرٹری ہیلتھ پنجاب

جمعرات 23 اپریل 2015 17:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23اپریل۔2015ء ) پارلیمانی سیکرٹری ہیلتھ پنجاب خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ روٹین ایمونائزیشن اور پولیو مہم کی کوریج میں غلط رپورٹنگ کے خاتمہ کیلئے تھرڈپارٹی ایویلیوایشن کا مؤثر نظام بنایا جائے گا، پاکستان میں پولیو کی موجودگی بین الاقوامی سطح پر شرمندگی کا باعث ہے اور قومی عزت و وقار کا تقاضا ہے کہ پولیو کے خاتمہ کیلئے پورے ملک کے عوام اور چاروں صوبائی حکومتیں مل کر جدوجہد کریں تاکہ اس موذی مرض سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکے اور بچوں کا مستقبل محفوظ بنایا جاسکے۔

انہوں نے یہ بات پراونشل ہیلتھ ڈویلپمنٹ سینٹر میں 3ہفتوں سے جاری ای پی آئی سپروائزرز کی بطور ماسٹر ٹرینرز ٹریننگ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

تقریب میں ڈائریکٹر کی ٹریننگ فیکلٹی، صوبے کے 36اضلاع سے تربیت میں شریک سکول ہیلتھ نیوٹریشن سپروائزرز، ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر سٹاف نے شرکت کی۔ ڈاکٹر سہیل ثقلین نے اپنے سپاسنامے میں پی ایچ ڈی سی میں جاری تربیتی کورسز کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور ہیلتھ کے شعبہ کی ترقی اور ہیومن ریسورس کی کیپسٹی بلڈنگ کیلئے پی ایچ ڈی سی میں منعقد کئے گئے تربیتی پروگراموں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر منیر احمد نے کہا کہ کارکردگی دکھانے کیلئے پولیو اور روٹین ایمونائزیشن کی کوریج کی غلط رپورٹنگ ناصرف فرائض سے غفلت بلکہ بددیانتی ہے جس سے اصل حقائق کا پتہ نہیں چلتا اور حکمت عملی مرتب کرنے میں مشکل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس رجحان کے خاتمہ کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات کئے جا رہے ہیں تاہم غلط رپورٹنگ کرنے والے اہلکاروں کو بھی اپنے بچوں کے صحت مند مستقبل کی خاطر ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہیے۔

انہوں نے ای پی آئی سپروائزرز پر زور دیا کہ وہ بطور ماسٹر ٹرینر اپنے اپنے ضلع میں مزید سٹاف کی جدید تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کریں۔خواجہ عمران نذیر نے افسران اور اہلکاروں پر زور دیاکہ وہ بجائے غلط رپورٹنگ کرنے کے اصل حقائق اور مشکلات حکام بالا کے علم میں لائیں تاکہ اس سلسلے میں حائل رکاوٹوں کو دور کیاجاسکے اور ان کے مسائل بھی حل کئے جاسکیں۔

خواجہ عمران نذیر نے سکول ہیلتھ نیوٹریشن سپروائزر زکے تحفظات دور کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ حکومت کسی بھی ملازم کو بے روزگار نہیں کرے گی اور محکمہ صحت میں کسی ملازم کو نوکری سے فارغ کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف ہیلتھ سیکٹر کی ترقی کا عزم کئے ہوئے ہیں اور اس سلسلہ میں عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ڈی سی کے زیراہتمام پبلک ہیلتھ ایکسپرٹس، ہیلتھ منیجرز، ای پی آئی سپروائزر ز اور دیگر محکموں کے سٹاف کی ٹریننگ پروگرام انتہائی ضروری ہے تاکہ وقت کے ساتھ ہونے والا تبدیلیوں اور جدید ٹیکنالوجی کے بارے افسران اور سٹاف کی کیپسٹی بلڈنگ ممکن ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :