جماعۃ الدعوۃ کی اپیل پر آج مساجد میں تحفظ حرمین شریفین کے حوالے سے خطبات جمعہ دیئے جائیں گے

جمعرات 23 اپریل 2015 21:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23اپریل۔2015ء)جماعۃ الدعوۃ کی اپیل پر آج 24,اپریل بروز جمعۃ المبارک جڑواں شہروں کی مساجد میں تحفظ حرمین شریفین کے حوالے سے ’’ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے ‘‘ کے موضوع پر خطبات جمعہ دیئے جائیں گے ، مختلف مساجد کے باہر علامتی مظاہرے کیے جائیں گے جبکہ علماء کرام اپنے خطبات میں حرمین شریفین کے تحفظ اور دفاع کے حوالے سے شریعت کی روشنی میں رہنمائی کریں گے جماعۃ الدعوۃ شعبہ رابطہ دینی مدارس و تنظیمات اسلام آبادکے مدیر محمد راشد کے مطابق جڑواں شہروں کے مختلف علماء کی مشاورت سے آج بروز جمعۃ المبارک کو یوم تحفظ حرمین شریفین کے طور پر منایا جائے گا ، جلد ہی جید علماء کرام کا اجلاس بلا کر تحفظ حرمین شریفین کے حوالے سے فتویٰ بھی جاری کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ علماء کرام نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ حرمین شریفین کے تحفظ کی جنگ پرائی نہیں اسلام اور دفاع کی جنگ ہے۔

(جاری ہے)

قریہ قریہ بستی بستی جاکر حرمین شریفین کے تحفظ کی تحریک منظم کیا جائے گا ۔ عوام الناس کے ذریعے ممبران پارلیمنٹ پر دباؤ بڑھائیں کہ وہ حرمین کے دفاع کی جنگ پر غیر جانبدار رہنے کی قرارداد واپس لیں۔پاکستانی فوج، ایٹم بم اور تمام وسائل لاالہ الااﷲ کی امانت ہیں۔ہمارا سعودی عرب سے رشتہ اسی کلمہ کی بنیاد پر ہے۔حرمین شریفین کا تحفظ اپنے ایمان و عقیدے کا حصہ سمجھتے ہیں۔ 18کروڑ پاکستانی حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے اپنی جانیں نچھاور کرنے کیلئے تیار ہیں ۔۔