ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کو مفت ادویات کی عدم فراہمی تشویشناک ہے‘ناصر رمضان

جمعہ 24 اپریل 2015 14:09

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء )پاکستان مسلم لیگ (ق) لاہور کے سیکرٹری اطلاعات ناصر رمضان گجر نے گنگا رام ہسپتال سمیت دیگر ہسپتالوں میں زیرعلاج مریضوں کو مفت ادویات کی عدم فراہمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے پاس میگا پراجیکٹ پر خرچ کیلئے اربوں روپے تو موجود ہیں لیکن سفید پوش اور غریب عوام کے علاج معالجہ کیلئے مفت ادویات کی فراہمی کیلئے رقم کیوں موجود نہیں؟،چوہدری پرویز الٰہی کے دور میں ہسپتالوں میں مفت علاج معالجہ کی سہولیات میسر تھیں مریض کے ہسپتال میں داخلہ ،ٹیسٹ اور علاج مکمل ہونے تک تمام ادویات حکومت کی طرف سے فراہم کی جاتی تھیں ۔

ناصر رمضان گجر نے کہا کہ موجودہ خادم اعلیٰ کے دور میں ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں پر مفت ادویات کے دروازے بند کرکے مریضوں کا استحصال کیا جارہا ہے ہسپتالوں کی مشینیں حکومت کی طرف سے فنڈز کی عدم فراہمی پر بند پڑی ہیں ۔

(جاری ہے)

جس کے باعث مریض پرائیویٹ طور پر مہنگے ٹیسٹ کروانے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کی موجودہ صورتحال کے باعث لوگ چوہدری پرویز الہٰی کی عوامی خدمات کو آج بھی یاد کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ یہی صورتحال پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ہسپتال کی ہے جہاں مریض حکومت کی عدم توجہ کے باعث دم توڑ رہے ہیں وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال شروع نہ کرنے کی بناء پر بے پناہ رش اورآپریشن کیلئے کئی کئی ماہ تاریخیں دینے پر دل کے مریض پریشانی کا شکار ہے انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں حکومت کی عدم توجہ اور نمائشی سکیموں پر اربوں روپے اخراجات پنجا ب روڈ پروگرام کیلئے150ارب مختص کرنا لیکن ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجہ کے لیے ادویات کے لیے فنڈز نہ دینے سے پنجا ب حکومت کی صحت کے شعبہ سے عدم دلچسپی ظاہر ہوتی ہے۔