انسداد پولیو کے سلسلہ میں پرسوں ایمرجنسی اجلاس طلب،مشیر صحت اور سیکرٹری صحت اجلاس کی صدارت کریں گے

جمعہ 24 اپریل 2015 16:42

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے انسداد پولیو کے اقدامات کے بارے (اتوار )26اپریل کو ایک ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔اس اجلاس میں صوبے کے 6ضلعوں کے ای ڈی او ہیلتھ ،ڈی او ہیلتھ اور ڈی ڈی او ہیلتھ کو طلب کیا گیا ہے مذکورہ ضلعوں کی یونین کونسلوں میں پولیو کوریج غیر تسلی بخش پائی گئی ہیں۔انہوں نے اس بات کا اعلان سول سیکرٹریٹ میں پولیو کی کوریج کے سلسلہ میں ضلعوں کی مائیکرو پلاننگ کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی-اجلاس میں سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک،ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز ،ڈائریکٹر ہیلتھ ای پی آئی ڈاکٹر منیراورایڈیشنل ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر سید سہیل احمد،ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے نمائندے ڈاکٹر اسلم چوہدری اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر عبداللہ اشرف نے شرکت کی-اجلاس میں ڈاکٹر منیر احمد نے پولیو کی کوریج کے بارے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے تھرڈ پارٹی رپورٹ پیش کی-اجلاس میں لاہور سمیت 6 اضلاع راولپنڈی،راجن پور،مظفر گڑھ،ڈیرہ غازیخان،لاہور اور میانوالی کی بعض یونین کونسلوں میں بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کے بارے کوریج کا ہدف غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ نے اتوار کو ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کی-انہوں نے کہا کہ مائیکرو پلاننگ میں خامیوں اور پولیو کوریج میں کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا اور خراب کارکردگی پر متعلقہ افسران جوابدہ ہوں گے-مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت میں جزا و سزاکاعمل شروع ہو چکا ہے اعلی کارکردگی پر وزیر اعلی محمد شہباز شریف افسران کو نقد انعامات سے نواز رہے ہیں اور خراب کارکردگی پر افسران کی جوابدہی ہوتی ہے اور انہیں عہدوں سے ہٹا دیا جاتا ہے -خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پولیو کی موجودگی پوری قوم کیلئے شرمندگی کا باعث ہے اور اس سلسلہ میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عملدر آمد کیا جا رہاہے ۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اگرچہ پنجاب میں 2015کے دوران پولیو کا کوئی کیس نہیں ہوا تاہم محکمہ صحت کو اس سلسلہ میں انتہائی الرٹ رہنے اور فول پروف مائیکرو پلاننگ کرنے اور اس پر 100فیصد عملدر آمد کی ضرورت ہے تا کہ کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے -انہوں نے کہا کہ خراب کارکردگی والے افسران کو سیٹوں پررہنے کا کوئی حق نہیں-خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ بہتر کارکردگی دکھانے والے متحرک افسران کو آگے آنے کا موقع دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :