پشاور،وزیر صحت کا لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ۔گلبہار بم دھماکے کے زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت

جمعہ 24 اپریل 2015 19:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر صحت شہرام خان ترکئی نے جمعہ کے روز لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ کیا اورپشاور کے علاقہ گلبہار میں پولیس موبائل وین پر بم دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں کی عیادت کی۔وہ فرداً فرداً ہر زخمی کے پاس گئے اور ان سے ہسپتال میں فراہم کیے جانے والے علاج معالجے اور انکے زخموں کی نوعیت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ فعل قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے قانون نافذکرنے والے اداروں کے حوصلہ پست نہیں کئے جاسکتے۔

(جاری ہے)

دہشتگردی کے خلاف پوری قوم اور سیکیورٹی ادارے متحد اور متفق ہیں اور وہ دن دور نہیں جب ملک سے دہشتگردی کا صفایا ہو جائے گا۔

زخمی اہلکاروں کو مالی معاوضہ دینے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے صوبائی حکومت کی طے شدہ پالیسی موجود ہے جس کے مطابق ان زخمیوں کو معاوضہ دیاجائے گا۔صوبائی وزیر نے موقع پر موجود ہسپتال انتظامیہ کو زیر علاج زخمیوں کوہر ممکن طبی امدادفراہم کرنے کی ہدایت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

متعلقہ عنوان :