فیصل آباد، بغیر لائسنس اور بلا ورانٹی ادویات فروخت کرنے والے 9میڈیکل سٹوروں کیخلاف مقدمات ڈرگ کورٹ میں بھیجنے کی سفارش

ہفتہ 25 اپریل 2015 14:51

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) بغیر لائسنس اور بلا ورانٹی ادویات فروخت کرنے والے 9میڈیکل سٹوروں کیخلاف مقدمات ڈرگ کورٹ میں بھیجنے کی سفارش کی ہے اس سلسلے میں ڈی سی اونورالامین مینگل کی ہدایت پرایک اجلاس ڈی سی او آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہواجس کی صدارت ڈی او(ایچ آر ایم)خالد مسعود فروکہ نے کی۔اجلاس میں ڈی او(ہیلتھ)ڈاکٹرنوازش گورایہ،ڈاکٹر کیپٹن محمد صدیق،غلام صابر،سیکرٹری کنٹرول بورڈ مزمل وحید اور ڈرگ انسپکٹرز ودیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈرگ انسپکٹرز کی انسپکشن رپورٹس پرمشتمل 12کیسز کا جائزہ لیا گیا ۔اس موقع پر قصور وارمیڈیکل سٹورزوکلینکس کے مالکان اپنے موقف کے لئے اطلاع کے باجود حاضر نہ ہوئے تاہم ڈرگ لائسنس کے بغیر ادویات کی فروخت،زائد المعیاد،ان رجسٹرڈ اوربلاورانٹی ادویات رکھنے پر 9میڈیکل سٹوروں کیخلاف مزید قانونی کارروائی کے لئے کیسز کو ڈرگ کورٹ میں ریفر کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ بعض ادویات کی پبلسٹی کے اجازت ناموں کی تصدیق کے لئے 3کیس موخر کردئیے گئے۔

(جاری ہے)

صدر اجلاس نے کہا کہ جعلی،غیر معیاری اوربلالائسنس ادویات کی فروخت کے رحجان کاسختی سے خاتمہ ہونا چاہیے اوراس قبیح دھندے کے قلع قمع کے لئے مربوط قانونی وانتظامی حکمت عملی اختیار کی جائے۔

متعلقہ عنوان :