پاکستان سے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان اور30 بیڈ ہسپتال سمیت 2 طیارے کھٹمنڈو پہنچ گئے

طیاروں میں ڈاکٹرز، طبی عملہ، سرچ و رسیکیو ٹیم اور اشیائے خورونوش بھی شامل ہیں  آئی ایس پی آر پاک فوج کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے

اتوار 26 اپریل 2015 14:02

راولپنڈی/کھٹمنڈو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اپریل۔2015ء) پاک فوج نے نیپال کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے امدادی سامان، طبی عملے اور 30بستروں کے ہسپتال سمیت2 طیارے کھٹمنڈو بھجوا دیئے آئی ایس پی آرکے مطابق نیپال کے زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے2 سی 130 طیارے کھٹمنڈو بھیجے گئے طیاروں میں ڈاکٹرز، طبی عملہ، سرچ و رسیکیو ٹیم ،30 بیڈ کا فیلڈ ہسپتال اور اشیائے خورونوش بھی شامل ہیں، پاک فوج کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے امدادی سامان میں دو ہزار متاثرین کیلئے تیار خوراک کے پیکٹس، پانی کی بوتلیں، ادویات، دو سو ٹینٹ، چھ سو کمبل اور دیگر ضروری اشیا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان سے بھجوائے گئے امداد سامان کے دو طیارے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو پہنچ گئے ہیں-یہ طیارے دس سے پندرہ پاکستانیوں کو واپس لا سکتے ہیں-واضح رہے کہ گزشتہ روز نیپال اور بھارت میں آنے والے 7.9 شدت کے زلزلے سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔ زلزلے کے نتیجے میں 2 ہزار کے قریب افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی اور لاکھوں بے گھر ہو گئے ہیں۔