محکمہ صحت کی کارکردگی میں بہتری سے عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جاسکتی ہیں،سیکرٹری صحت سندھ

پیر 27 اپریل 2015 16:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء)صوبائی سیکریٹری صحت سعید احمد منگنیجو نے کہا ہے کہ محکمہ صحت کے تمام افسران کوایک ٹیم کی طرح کام کرنا ہوگا تاکہ نہ صرف محکمہ کے ملازمین کے مسائل حل ہوسکیں بلکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی بھی بنائی جاسکے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو محکمہ صحت کا چارج سنبھالنے کے بعد افسران کے تعارفی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں اسپیشل سیکریٹری صحت ریاض احمد میمن بھی موجود تھے ۔ سیکریٹری صحت نے مزید کہا کہ محکمہ صحت کا بنیادی کام عوام کی خدمت ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جاسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ اسپتالوں اور مراکز صحت کے مسائل سے متعلق فائلوں کو جلد از جلد نمٹایا جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی تاخیر نہ برتی جائے کیونکہ اس عمل سے عوام کو طبی سہولیات کی بہتر انداز میں فراہمی متاثر ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خصوصا سیکشن افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض خلوص دیانت اور ایمانداری سے ادا کریں اور محض چند ملازمین کی وجہ سے عوام میں موجود محکمے کے خراب تاثر کو زائل کرنے کے لئے کام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے ملازمین کی ترقیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں اسپیشل سیکریٹری ایڈمن کو جلد از جلد ورکنگ پیپر تیار کرنے کی ہدایت کی ۔

انہوں نے افسران کی جانب سے سیکشن افسران اور اسٹاف کی کمی دور کرنے کی درخواست پر کہا کہ اس سلسلہ میں بھی فوری اقدامات کئے جائیں اورمتعلقہ افسران سے رابطہ کرکے اس کمی کو دور کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ افسران کی تقرری اور تعیناتی کے سلسلہ میں سپریم کورٹ کے احکامات پر بھرپور طریقہ سے عمل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ٹیم ورک پر یقین رکھتے ہیں اور محکمے کے تمام افسران کو اپنی ٹیم کا حصہ سمجھتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین کے تمام مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے تاکہ وہ اپنے فرائض مزید لگن اور یکسوئی سے ادا کرسکیں۔ محکمے کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز کی ریلیز کے معاملہ پر انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں محکمہ خزانہ کے افسران کے ساتھ رابطہ کرکے اس مسئلہ کو حل کیا جائے گا ۔