صنعتی کارکنوں اورمزدوروں کو رہائشی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے‘راجہ اشفاق سرور

حکومت پنجاب صوبہ بھر کے انڈسٹریل علاقوں میں تمام بنیادوں سہولیات سے آراستہ لیبر ویلفیئر کمپلیکس تعمیرکررہی ہے کثیرالمقاصد کمیونٹی سنٹرز، بوائز اینڈ گرلزسکولز، مساجد، صحت مراکز اور دیگر سہولیات دستیاب ہوں گی‘ صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل

منگل 28 اپریل 2015 17:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ تحفظ یافتہ صنعتی کارکنوں اور مزدوروں کے لیے سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات سے مزین فلیٹس پر مشتمل لیبر ویلفیئر کمپلیکس کی تعمیر حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے،کثیرالمقاصد کمیونٹی سنٹرز، بوائز اینڈ گرلزسکولز، مساجد، صحت مراکز اور دیگر سہولیات دستیاب ہوں گی۔

یہ فلیٹس مزدوروں کو ملکیتی بنیادوں پردیئے جائیں گے۔انہوں نے یہ بات پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کے زیر انتظام مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس میاں مشتاق ، سیکرٹری لیبر عشرت علی، سیکرٹری پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ رضوان شریف اورڈائریکٹر ورکس محمد مظہر کے علاوہ محکمہ لیبر کے متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری لیبر عشرت علی نے اجلاس کو بتایا ملتان، قصور،راولپنڈی،ننکانہ میں اربوں روپے کی لاگت سے مزدوروں کیلئے لیبر ویلفیئر کمپلیکس، سکولز، کمیونٹی سنٹرز اور مساجد تعمیر کی جا رہی ہیں جہاں فلٹریشن پلانٹس کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کی سہولیات کویقینی بنایا جارہاہے۔تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ ملتان میں 992فلیٹس پر مشتمل لیبر کالونی کا منصوبہ 3017ملین روپے کی لاگت سے 2سال میں مکمل ہوگا جبکہ سند ر انڈسٹریل اسٹیٹ قصور کے قریب 7781ملین روپے کی لاگت سے لیبر ویلفیئر کمپلیکس سندر کے 2912فلیٹس پر مشتمل میگاپراجیکٹ کا سنگ بنیاد یکم مئی کو رکھا جارہاہے۔

اس لیبر ویلفیئر کمپلیکس میں سوشل سیکورٹی ڈسپنسری ، سپورٹس ایریا اور کمرشل سرگرمیوں کے لئے علیحدہ جگہ بھی مختص کی گئی ہے - انہوں نے بتایاکہ قائداعظم ایپرل پارک شیخوپورہ میں بھی لیبر کالونی کے منصوبے پر لائحہ عمل کو آخری شکل دی جا رہی ہے۔ وزیر محنت کو ٹیکسلا لیبر کالونی راولپنڈی میں فیز ون کے تحت 142کنال اراضی پر 576فلیٹس کی تعمیر بارے پیش رفت سے آگاہ کیاگیا۔

اجلاس کو بتایاگیاکہ مزدروں کیلئے926ملین روپے کی لاگت سے واربرٹن ضلع ننکانہ میں 208فلیٹس کی تعمیرکا منصوبہ اسی سال دسمبر میں مکمل ہوجائے گا۔ شیربنگال لیبر کالونی شاہدرہ میں مزدوروں کے 1500بچوں کیلئے پرائمری سکول پر 185ملین روپے لاگت آئے گی۔انہوں نے مزیدبتایاکہ ورکرز ویلفیئر سکول ڈھنڈور ضلع جہلم میں کلاس رومز کی تعمیر پر 46ملین روپے ، اوکاڑہ میں ورکرز ویلفیئر کمپلیکس کی تعمیر کیلئے 26ایکڑ، ورکرز ویلفیئر کمپلیکس قصور کیلئے 47ایکڑ اور گوجرانوالہ ورکرز ویلفیئرکمپلیکس کیلئے 60کنال اراضی حاصل کی جا رہی ہے۔

صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ میں مزوروں کے پیسے پر صرف مزدوروں کا ہی حق ہے اور ان کیلئے زیرتعمیر لیبر کالونیوں میں تمام بنیادی سہولیات جلدازجلد فراہم کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :