سندھ کے تین سرکاری ہسپتالوں میں جگر کی پیوند کاری شروع کی جارہی ہے ، جام مہتاب حسین ڈھر

بدھ 29 اپریل 2015 16:30

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29اپریل۔2015ء ) صوبائی وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ جون 2015 سے سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورو لوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن ڈاؤ ہسپتال / یونیورسٹی اور گمبٹ ہسپتال میں جگر کی پیوند کاری شروع کردی جائے گی جبکہ سکھر ہسپتال میں پارٹ سرجری اور گردے کی تبدیلی کا کام جاری ہے ۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو اپنے دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ ایس آئی یو ٹی سمیت تمام اداروں کی ضروریات پوری کرنے کے لئے تیار ہے اور حکومت سندھ ڈاکٹر ادیب رضوی کے تحت چلنے والے ادارے کی 500 بلین روپے تک کی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال حیدرآباد میں اینجیوپلاسٹی شروع کردی گئی ہے جبکہ سول ہسپتال حیدرآباد سے متعلق شکایات کو دور کرنے کے لئے ایک تین رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے کمیٹی کے چیئرمین ایڈیشنل سیکریٹری صحت ہیں جبکہ اس میں محکمہ خزانہ کا نمائندہ بھی شامل ہے ۔

(جاری ہے)

جام مہتاب حسین ڈھر نے مزید کہا کہ اپنے فرائض ادا نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جارہی ہے جبکہ غیر حاضر ڈاکٹرز اور عملے کے خلاف بھی ایکشن لیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ہسپتالوں کو اپ گریڈ یشن کی اسکیمیں شامل کی گئی ہیں تاکہ مریضوں کو سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔

متعلقہ عنوان :