وزیراعلی خیبرپختونخواکی زیرصدارت صوبائی کابینہ کااجلاس

صوبے میں پرائمری سکولوں کے 16ہزار اضافی کمرے، پی ٹی سی کے مالی اختیارات کی حد دس لاکھ روپے سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے کرنے کی منظوری دیدی گئی کابینہ اجلاس میں طوفانی بارش سے جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے مغفرت ،زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی آئندہ کسی ناگہانی آفت کی صورت میں صوبائی حکومت کے امدادی ادارے کسی حکم کے بغیر ازخود فوری حرکت میں آئیں گے،پرویزخٹک

بدھ 29 اپریل 2015 20:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29اپریل۔2015ء) صوبائی کابینہ کا اجلاس سول سیکرٹریٹ کے کیبنٹ روم میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی صدارت میں منعقد کیا گیا جس میں صوبے بھر میں گورنمنٹ پرائمری سکولوں کے 16ہزار اضافی کمرے والدین اور اساتذہ پر مشتمل کونسلوں(پی ٹی اے ز ) کے ذریعے تعمیر کرانے اور اس مقصد کیلئے پی ٹی سی کے مالی اختیارات کی حد دس لاکھ روپے سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے کرنے کی منظوری دی گئی ہے کابینہ کے اجلاس میں گزشتہ اتوار کو طوفانی بارش سے جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی اور ان کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا کابینہ نے طوفان سے جاں بحق اور زخمی ہونے والے متاثرین کے علاوہ تباہ شدہ مکانوں کیلئے معاوضہ کی رقوم کی جلد ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ کسی ناگہانی آفت کی صورت میں صوبائی حکومت کے امدادی ادارے کسی حکم کے بغیر ازخود فوری حرکت میں آئیں گے اجلاس میں آئندہ نئے پرائمری سکول اور سڑکیں صرف ضرورت اور فیزبلٹی کی بنیاد پر تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ خیبرپختونخوا کی پہلی ٹوارزم پالیسی اور رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ2013 میں تر امیم کرکے ایکٹ کے تحت جرمانوں کا اختیار متعلقہ ضلع کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو تفویض کرنے کی منظوری بھی دی گئی اجلاس کے دوران سرکاری محکموں اور اداروں میں رشوت ستانی اور دیگر بد عنوانیاں روکنے کیلئے مجوزہ خیبرپختونخوا وسل بلوور ایکٹ کے مسودے پر تفصیلی بحث کی گئی اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ ایکٹ کے تحت سرکاری ملازمین کے خلاف سزااور جزا کا طریقہ کار مزید واضح اور آسان بنایا جائے گااور اس کے لئے الگ اور قابل عمل قواعد مرتب کئے جائیں گے اجلاس میں صوبے کی پہلی یو تھ پالیسی کی منظوری مؤ خر کردی گئی اور اس پالیسی کو صوبے کے نوجوانوں کے مفاد میں مزید موثر اور قابل عمل بنانے کیلئے اس کا از سرنو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا اور اس مقصد کیلئے اطلاعات، معدنیات اور خزانہ کے صوبائی وزراء پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی کابینہ نے اطلاعات تک رسائی کے قانون کو مزید موثر بنانے کیلئے اس میں پانچ ترامیم کی منظوری دیتے ہوئے آئندہ تمام ترامیم اسی واضح انداز میں کابینہ کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی جس طرح سیکرٹری اطلاعات نے پیش کی ہیں کابینہ نے قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور کے کمرشل پلازہ کی لیز میں رعایت دینے سے متعلق منظوری موخر کرتے ہوئے پلازہ سے زیادہ سے زیادہ آمدن کیلئے پریمیم اور کرایہ کا بہتر فارمولہ وضع کرنے کا فیصلہ کیا اور اس مقصد کیلئے صوبائی وزیر خزانہ اور مشیر مواصلات پر مشتمل کمیٹی قائم کردی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے قدرتی آفات کی صورت میں صوبائی حکومت کی امدادی اور بحالی کی کاروائیوں کو مزید مستعد اور موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور ریسکیو1122 کو زیادہ مضبوط بنانے کے اقدامات کی ہدایت کی اُنہوں نے کہا کہ جن اضلاع میں ریسکیو1122 موجود ہے وہاں محکمہ بلدیات کے فائربریگیڈز کو تربیت کیلئے ریسکیو1122 سے منسلک کیا جائے اُنہوں نے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متاثرین کی تسلی اور اُن کے جذبات کو ٹھنڈ اکرنے کیلئے حکمت وضع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم 24 گھنٹے کھلا رکھنے کے علاوہ ناگہانی آفات میں تمام امدادی اداروں کو ازخود فوری کاروائیاں شروع کرنے کا حکم دیا سرکاری سکولوں کو فراہم کئے گئے فنڈز سمیت صوبے میں جاری تمام ترقیاتی سرگرمیوں سے تمام متعلقہ اراکین اسمبلی کو باقاعدہ طور پر آگاہ رکھنے کی ہدایت کی اور ایم پی ایز سے کہا کہ وہ بھی کاموں میں نظر رکھیں اُنہوں نے پرائمری سکولوں میں پی ٹی سی ز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی سی ز کے مالی اختیارات میں اضافے سے پرائمری سکولوں میں 16 ہزار اضافی کمروں کی تعمیر دو سال میں ممکن ہو سکے گی اور اس پر خرچ بھی کم آئے گا اُنہوں نے کہا کہ سکولوں میں دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کاکام بھی پی ٹی اے کو منتقل کیا جائے اور سی اینڈ ڈبلیو کی مداخلت ختم کرکے پی ٹی اے ز کی مانیٹرنگ کیلئے محکمہ تعلیم میں صوبائی سطح پر الگ ڈائریکٹوریٹ قائم کیا جائے اُنہوں نے کہا کہ بجٹ میں منظور شدہ اضافی کمروں کی تعمیر کاکام بھی والدین ٹیچرز کونسلوں کو منتقل کر دیا جائے وزیراعلیٰ نے ان کونسلوں کی افادیت کے پیش نظر صوبے میں خصوصی بچوں کے 39 تعلیمی اداروں میں بھی پی ٹی سی ز کے قیام کا حکم دیا اُنہوں نے 2005 کے زلزلے سے تباہ شدہ 765 سکولوں کی تعمیر نو کیلئے ٹینڈروں کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مزید سکولوں کی تعمیر آئندہ بجٹ میں شامل کی جائے گی پرویزخٹک نے متعلقہ محکموں کو سرکاری سکولوں اور دیگر منصوبوں کیلئے اراضی کے حصول میں مشکلات دور کرنے اور محکمہ تعلیم کو پرائمری سکولوں کی حقیقی ضروریات کے تعین کے علاوہ بے ہنگم تعمیرات کی حوصلہ شکنی کیلئے آئندہ نئے سکول فیزبلٹی کی بنیاد پر قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور اس سلسلے میں شرائط و ضوابط مرتب کرنے کی ہدایت کی اُنہوں نے اراضی کی عدم دستیابی کے باعث سرکاری منصوبوں میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ مال کو ہدایت کی کہ وہ صوبے کے بارہ اضلاع میں مطلوبہ اراضی کے حصول کا عمل آئندہ جون تک مکمل کرے۔

متعلقہ عنوان :