توہین عدالت کیس میں ڈاکٹر شیرافگن کے دفاع کیلئے درخواست دائر،ڈاکٹر شیرافگن ذہنی و نفسیاتی مریض ہیں، انہیں معافی دی جائے، اسلم خاکی ایڈووکیٹ

پیر 27 اگست 2007 13:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27اگست۔2007ء) انصاف ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین ڈاکٹر اسلم خاکی ایڈووکیٹ نے عدالت عظمیٰ پاکستان میں توہین عدالت کیس میں وفاقی وزیر ڈاکٹر شیرافگن کے دفاع کے لئے ایک درخواست دائر کی ہے جس میں استدعا کی ہے کہ انہیں مذکورہ وفاقی وزیر کے خلاف توہین عدالت کے کیس میں وفاقی وزیر کے دفاع کے لئے پیش ہونے کا موقع دیا جائے۔

اسلم خاکی ایڈووکیٹ نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ وفاقی وزیر موصوف عرصہ دراز سے اپنے سیاسی کیریئر کے حوالے سے انتہائی غیرسنجیدہ رویہ کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں۔ پارلیمنٹ میں ان کے غیرپارلیمانی بلکہ بے ہودہ کلمات اور رویے کی وجہ سے کئی ناخوشگوار واقعات پیش آئے ہیں۔ انہیں پارلیمانی امور کا وزیر بھی حکومت نے اس لئے بنایا کہ انہیں پارلیمانی آداب آ جائیں گے مگر بے سود۔

(جاری ہے)

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر کا ذہنی و نفسیاتی معائنہ کے لئے ایک میڈیکل بورڈ مقرر کیا جائے جس کے کلیئرنس تک انہیں کسی بھی سرکاری مصروفیات و ابلاغ ذرائع میں پیش ہونے سے روکا جائے۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ ملزم وفاقی وزیر کو عدالت عالیہ میں توہین رسالت کی کارروائی کے سلسلہ میں ذاتی طور پر پیش ہونے سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ ورنہ خدشہ ہے کہ اس موقع پر لوگ اور وکلاء ان پر دست اندازی کریں گے جیسا کہ راولپنڈی کورٹس میں نعیم بخاری ایڈووکیٹ کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :