ادویات چوری کیس ،ذاتی حیثیت میں طلبی کے نوٹس کے باوجود پیش نہ ہونے پر تین ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کے وارنٹ گرفتاری جاری

جمعرات 30 اپریل 2015 13:05

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30اپریل۔2015ء)چیئرمین ڈرگ کورٹ نے سرکاری ہسپتالوں سے ادویات چوری کیس میں ذاتی حیثیت میں طلبی کے نوٹس کے باوجود پیش نہ ہونے پر تین ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ۔گزشتہ روز چیئرمین ڈرگ کورٹ چوہدری محمد جہانگیر نے سرکاری ہسپتالوں سے ادویات چوری کیس کی سماعت کی ۔

طلبی کے نوٹس پر جناح ہسپتال، جنرل ہسپتال اور واپڈا ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس پیش ہوئے جبکہ میو ، گنگا رام ، سروسز اور سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اپنے گھروں میں چوری ہوتی تو دوڑیں لگی ہوتیں۔ عدالت نے سرکاری ہسپتالوں سے ادویات چوری ہونے کے واقعات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں آپ کو مدعی ہونا چاہیے تھا لیکن ایف آئی مدعی بنی ہے ۔

(جاری ہے)

عدالت نے ہسپتالوں کے انتظامی سربراہان کو چوری میں ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف تحقیقات میں ایف آئی اے سے تعاون کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملوث سرکاری ملازمین کیخلاف کارروائی کی جائے۔ عدالت نے طلبی کے باوجود ذاتی حیثیت میں پیش نہ ہونے پر جناح، جنرل اور واپڈا ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈٹس کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔