ڈینگی کنٹرول کے سلسلے میں ٹیکنکل ایڈوئزری کمیٹی کی گائیڈ لائنز پر عمل کیا جائے‘خواجہ سلمان رفیق

جمعرات 30 اپریل 2015 16:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30اپریل۔2015ء)مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے تمام حکومتی ادارے پوری طرح چوکس ہیں اور آنے والے ڈینگی سیزن میں اس مرض کو وبائی شکل اختیار کرنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکمے اور ٹاؤن رسپانس کمیٹیاں ڈینگی کنٹرول کے سلسلے میں ٹیکنیکل ایڈوئزری کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنز پر عمل کریں۔

انہوں نے یہ بات انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں ڈینگی کے بارے ٹیکنیکل ایڈوئزری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈینگی کنٹرول ڈاکٹراسلام ظفر ، ڈین آئی پی ایچ پروفیسر محاذ احمد ، ماہر وبائی امراض پروفیسر فرخندہ کوکب ، چیف بیکٹریالوجسٹ پنجاب پروفیسر زرفشاں طاہر ، پروفیسر شاہد اقبال ، ڈاکٹرہمایوں نارو،ڈاکٹر یدالله اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبے خصوصاً لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ ، فیصل آباد اور شیخوپورہ میں ڈینگی کی صورت حال اور اس کی روک تھام کے لیے مختلف محکموں کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے ٹیکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کی جانب سے انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں پی آئی ٹی بی کے ڈیش بورڈ پر ٹیگ کرنے اور مختلف شہروں سے رپورٹ ہونے والے ڈینگی کے مشتبہ اور ممکنہ مریضوں کی ٹیگنگ کو بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ایسے مشتبہ ڈینگی مریض جو کسی ٹیکنیکل وجہ سے ڈیش بورڈ پر ٹیگ نہیں ہورہے ان کامسنگ مریض کے طور پر ریکار ڈ مرتب کیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ٹاؤن رسپانس کمیٹیاں اور حکومتی ادارے سپرے یا فوگنگ کے سلسلے میں ٹیکنیکل ایڈوئزری کمیٹی کی ہدایات پر عمل کریں اور اپنے طور پر کیمیکل کا استعمال کرنے کا فیصلہ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی ٹیکنیکل ایڈوئزری کمیٹی کی گائیڈ لائنزڈینگی کی روک تھام کے سلسلے میں بہت معاون ثابت ہورہی ہیں۔