گوجر خان،سرکاری مہنگی ادویات کی پرائیویٹ فارمیسی پر فروخت کا انکشاف

جمعرات 30 اپریل 2015 16:48

گوجر خان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30اپریل۔2015ء ) سرکاری مہنگی ادویات کی پرائیویٹ فارمیسی پر فروخت کا انکشاف انتظامیہ میں تھرتھلی مچ گئی وارڈ بوائے کو قربانی کا بکرا بنا دیا گیا ہسپتال سٹاک میں سے بھی ڈیرھ درجن قیمتی ویکسین بھی غائب یہ ویکسین حکومت پنجاب کی جانب سے کتے کے کاٹنے کے علاج کے لئے مفت مہیّا کی جاتی ہے ڈی سی او راولپنڈی اور ای ڈی او ہیلتھ نے نوٹس لے لیا ہسپتال کے عملے کی ملی بھگت سے میڈیکل اسٹور پر 800 روپے کا فروخت کیا جاتا رہا سرکاری ادویات فروخت کرنے والے میڈیکل اسٹور کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ڈھیلی ڈھالی پالیسی، اس کام میں ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی ہو گی ای ڈی او ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر ناصر تفصیلات کے مطابق ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجر خان کے عملے کی ملی بھگت سے ہسپتال کی ادویات باہر کے میڈیکل اسٹور پر فروخت کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے یہ میڈیکل اسٹور ہسپتال کے بالکل سامنے قائم ہے ذرائع کے مطابق اس ڈاگ بائٹ ویکسین کے ڈبّے پر سے حکومت پنجاب کا مونو گرام مٹانے کی کوشش کی جاتی ہے جس کے بعد یہ ٹیکہ اس میڈیکل سٹور پر 800روپے میں فروخت کیا جاتا ہے اس حوالے سے گزشتہ روز مذکورہ میڈیکل سٹور سے یہ ویکسین خریدی گئی اور اس کی پرچی بھی وصول کی گئی جس کے بعد اس ویکسین کا بیچ نمبر ہسپتال میں موجود اسٹاک سے ملایا گیا تو اس امر کی تصدیق ہو گئی کہ یہ ویکسین اسی سٹاک سے چوری کی گئی ہے اس انکشاف کے بعدہسپتال انتظامیہ میں تھر تھلی مچ گئی اور جب سرکاری سٹاک چیک کیا گیا تو 18 عدد قیمتی ٹیکے غائب پائے گئے جس کے بعد فوری طور پر انکوائری کی گئی اورمیڈیکل سٹور کے مالک کو بھی بلایا گیا جس نے کافی بحث و تمہید کے بعد ہسپتال کے ایک وارڈ بوائے فرید کا نام لیا ہسپتال کی انتظامیہ نے تھانہ سٹی میں اس ملازم کے خلاف درخواست دے دی ہے لیکن اس میڈیکل اسٹور کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی اس حوالے سے ای ڈی او ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر ناصر نے بتایا کہ انھوں نے آج ہی عہدے کا چارج لیا ہے اور اس گھناؤنے کام میں ملوّث تمام افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہو گی یہ سوال بھی حل طلب ہے کہ کیا ایک وارڈ بوائے تن تنہا اس کام میں لگا رہا اور ہسپتال انتظامیہ نے محض خانہ پری کے لئے درجہ چہارم کے اس ملازم کو قربانی کا بکرا بنا کر کسی بڑی مچھلی کو بچایا ہے،،؟؟؟ دوسری جانب ڈی سی او راولپنڈی نے بھی اس واقعے کا نوٹس لے لیا ہے ۔