ادویات کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام مال کی امپورٹ پر ڈیوٹی کی شرح میں کمی کی جائے‘ارجمند مقصود

مینوفیکچرنگ سیکٹر توانائی کے بحران کی وجہ سے مشکل میں ہے اور اسے ایسے ریلیف کی بڑی شدت سے ضرورت تھی‘صحافیو ں سے گفتگو

جمعرات 30 اپریل 2015 20:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30اپریل۔2015ء ) حکومت کی جانب سے امپورٹ ڈیوٹی اور ٹیکسوں سے چھوٹ کے حوالے سے ایس آراو کو واپس لیا جانا انتہائی احسن اقدام ہے ، تاہم آئندہ بجٹ ادویات کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام مال کی امپورٹ پر ڈیوٹی اور ٹیکسوں کی شرح میں کمی کی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) تاجر ونگ لاہور کے سینئر نائب صدر ارجمند مقصود نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔

انہو ں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے ایس آرو واپس لئے جانے سے بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا بلکہ مقامی طور پر مختلف صنعتوں میں پیداواری لاگت میں یکسانیت آئے گی۔انہوں نے کہا کہ مینوفیکچرنگ سیکٹر توانائی کے بحران کی وجہ سے مشکل میں ہے اور اسے ایسے ریلیف کی بڑی شدت سے ضرورت تھی۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ ایف بی آر اہلکاروں کے صوابدیدی اختیارات میں کمی و قت کی اہم ضرورت بن چکا ہے ، چیرمین ایف بی آر کاروباری ماحول کو بہترین بنانے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں لیکن کچھ اہلکار اپنے صوابدیدی اختیارات کا غلط استعمال کرکے ان کو کوششوں کو ناکام بنانے پر تلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے ایس آر اوز کے ذریعے ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں استثنیٰ کا اختیار واپس لینا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت انتہائی سنجیدگی سے صنعت و تجارت کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ انہو ں کہا کہ تمام ترقی یافتہ ممالک اپنے صنعتی و تجارتی شعبے کو مراعات دیکر معاشی سرگرمیوں کو فروغ دے رہے ہیں لہذا ہمیں بھی ایسا ہی کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ معاشی بحالی کے لیے حکومت کی کوششوں کو آگے بڑھانا چاہتا ہے۔