آزاد کشمیر کے لوگوں کے اربوں روپے قومی بینکوں میں جمع ہیں ‘ہر سال بیرون ملک سے کشمیری کروڑوں ڈالر کے ترسیلات زر بینکوں سے ملک بھیجتے ہیں‘قومی بینکوں کا آزاد کشمیر کے اندر سوشل سیکٹر میں حصہ زیرو ہے‘پاکستان میں قومی بینک تعلیم ، صحت ، کھیلوں اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرتے ہیں‘ زیر تعلیم بچوں کو سکالر شپس دی جاتی ہیں ‘کرکٹ ہاکی اور دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں کی سر پرستی اور کھیلوں کے مقابلے منعقد کرنے میں تعاون کیا جاتا ہے‘آزاد کشمیر میں کوئی ایک شخض بھی نہیں جو قومی بینکوں کی کسی فلاحی سر گرمی سے مستفید ہوا ہو

صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب کی نیشنل بینک کے سینئر وائس پریذیڈنٹ عمر عظیم داؤد پوتا اور فاروق حسن سے بات چیت

جمعرات 30 اپریل 2015 20:39

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30اپریل۔2015ء ) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے لوگوں کے اربوں روپے قومی بینکوں میں جمع ہیں اور ہر سال بیرون ملک سے کشمیری کروڑوں ڈالر کے ترسیلات زر بینکوں کے ذریعے ملک بھیجتے ہیں۔ لیکن قومی بینکوں کا آزاد کشمیر کے اندر سوشل سیکٹر میں حصہ زیرو ہے ۔ حالانکہ پاکستان میں قومی بینک تعلیم ، صحت ، کھیلوں اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرتے ہیں۔

زیر تعلیم بچوں کو سکالر شپس دی جاتی ہیں اور کرکٹ ہاکی اور دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں کی سر پرستی اور کھیلوں کے مقابلے منعقد کرنے میں تعاون کیا جاتا ہے ۔ لیکن آزاد کشمیر میں کوئی ایک شخض بھی نہیں جو قومی بینکوں کی کسی فلاحی سر گرمی سے مستفید ہوا ہو ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز یہاں نیشنل بینک آف پاکستان کے سنئیر وائس پریذیڈنٹ عمر عظیم داؤد پوتا اور سنئیر وائس پریذیڈنٹ اور ڈویژنل ہیڈ فاروق حسن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صدر آزاد کشمیر نے نیشنل بینک آف پاکستان کے حکام پر زور دیا کہ آزاد کشمیر کے لوگوں کو کوٹہ کی ملازمتیں دی جائیں۔ اس طرح ان کے بینک میں ڈیپازٹس بھی بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی بینک آزاد کشمیر میں کھیلوں کے میدان تعمیر کریں ۔ کھلاڑیوں کی سر پرستی کریں۔ اور مستحق اور قابل بچوں کو وظائف اور سکالر شپس دیں۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ڈڈیال جیسے شہر میں قومی بینکوں کے ڈیپازٹس پاکستان کے کسی بھی بڑے شہر سے زیادہ ہیں۔

اس لیے قومی بینک سماجی شعبے میں اپنے منافع کا 10فی صد خرچ کریں تو آزاد کشمیر کے عوام کو خاطر خواہ فائدہ ہو سکتا ہے۔ نیشنل بینک آف پاکستان کے ذمہ داروں نے یقین دلایا کہ وہ اپنے بینک کے دیگر حکام کے ساتھ مشاورت کے بعد اس حوالے سے اقدامات کریں گے۔ اور دیگر بینکوں کو بھی اس جانب راغب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو اس حوالے سے جلد آپ سے ملاقات کرینگے۔ جس کے بعد آپ کی تجاویز کی روشنی میں لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔