بدقسمتی سے ملک میں مزدور طبقے کے لئے سرے سے کوئی پالیسی نہیں جس پر عملدرآمد ہو‘اعجاز چوہدری

مزدور اور کسان طبقے کو نظرانداز کرنے کی وجہ سے معیشت دن بدن تباہی اور بربادی کی طرف جا رہی ہے پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ نے ہمیشہ مزدور کو سہولتیں دینے کی بجائے ان کا معاشی قتل کیا ہے ‘مزدوروں کے نام پیغام

جمعرات 30 اپریل 2015 21:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30اپریل۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر مزدوروں کے نام جاری کردہ پیغام میں کہاہے کہ ملکی معیشت میں مزدورطبقے کا بنیادی کردار ہے لیکن سب سے زیادہ اسی طبقے کو حکومت نظرانداز کرتی ہے، جس کی وجہ سے اس طبقے کی زندگی مشکلات اور مسائل کے بوجھ تلے دب چکی ہے، بدقسمتی سے ملک میں مزدور طبقے کے لئے سرے سے کوئی پالیسی نہیں جس پر عملدرآمد ہو،مزدور اور کسان طبقے کو نظرانداز کرنے کی وجہ سے معیشت دن بدن تباہی اور بربادی کی طرف جا رہی ہے ،پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ نے ہمیشہ مزدور کو سہولتیں دینے کی بجائے ان کا معاشی قتل کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملکی معیشت اور ترقی میں مزدور طبقے کا اہم رول ہے اس سے نظرانداز کرنا سرا سر زیادتی کے مترادف ہے ۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف شگاگو کے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے ،مزدور، کسان اور کاشتکارکو درپیش مسائل حل ہونے تک تحریک انصاف اپنی پُرامن سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔بڑھتی ہوئی مہنگائی نے مزدور طبقے کو کچل کر رکھ دیا ہے۔موجودہ حکمرانوں نے مزدور طبقے کا استحصال کرنے سوا کچھ نہیں دیا۔

انہوں نے کہاکہ قومی اداروں کی نج کاری ہوئی تو ملک میں بے روزگاری کا نیاطوفان آ ئے گا، حکومت فور ی طور پر لیبر پالیسی کا اعلان کرے اور قومی اداروں کی نجکاری کرنے سے باز رہے۔ مزدور طبقہ اپنے غصب شدہ حقوق حاصل کرنے کے لئے تحریک انصاف کا بھرپور ساتھ دے، حکومت آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی ایسی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے جس سے بے روزگاری میں اضافہ ہوگا اور مزدوروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ جائیں گے، اس سے بڑا ظلم محنت کش طبقے سے کیا ہو سکتا ہے کہ ٹھیکیداری نظام کی وجہ سے اس کو مزدوری کے پورے پیسے نہیں ملتے۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ نے مزدور طبقے سے بنیادی سہولتوں تک چھین لی ہیں، ان پارٹیوں کا ایجنڈا عوام کی خدمت کی بجائے لوٹ مار کرنے میں بدل چکا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مزدور اور کسان حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں اور ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے اس کا کوئی پرسان حال نہیں، تحریک انصاف یہ مطالبہ کرتی ہے کہ مزدور کی کم از کم تنخواہ بیس ہزار مقرر کی جائے اور مزدور ، کسان اور کاشتکار کو جو مسائل درپیش ہیں انہیں فوری حل کیا جائے۔

اہم قومی اداروں کو کوڑیوں کے بھاؤ بیچنے کی بجائے، کرپشن کا خاتمہ ،کارکردگی اورمینجمنٹ کو بہتر کرنے کے لئے ٹھو س اقدامات اٹھائے جائیں۔ تحریک انصاف کسی صورت بھی قومی اداروں کی نجکاری کرنے کی حکومت کو اجازت نہیں دے گی، قومی اداروں کی نجکاری کا مطلب مزدوروں کے پیٹ میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہے۔

متعلقہ عنوان :