پنگریو شوگر مل پر کاشتکاروں کا22کروڑ روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی کیخلاف چوتھے روز بھی مین گیٹ کے سامنے احتجاج جاری

جمعرات 30 اپریل 2015 21:55

پنگریو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30اپریل۔2015ء) پنگریو شوگر مل پر واجب الادا کاشت کاروں کے بائیس کروڑ روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف آبادگار ایکشن کمیٹی نے چوتھے روز بھی پنگریو شوگر مل کے مین گیٹ کے سامنے احتجاج جاری رکھا پنگریو اور گرد ونواح کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے کاشت کاروں نے احتجاجی کیمپ میں علامتی بھوک ہڑتال کی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں محبوب چانگ، میر ریحان ٹالپر، زعفران چھلگری، شہری اتحاد پنگریو کے صدر محمد اشرف شورو، جنرل سیکریٹری محمد رمضان بھوئنریو، سیف اﷲ آرائیں اور دیگر نے بھی کاشت کاروں سے اظہار یکجہتی کے لئے کیمپ کا دورہ کیا اور احتجاج میں شرکت کی اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مذکورہ رہنماؤں نے کہا کہ پنگریوشوگر مل پر ضلع بدین اور ملحقہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے کاشت کاروں کے بائیس کروڑ روپے سے زائد کی رقم واجب الادا ہے شوگر مل مالک ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا کاشت کاروں کے واجبات ادا کئے بغیر یہ مل فروخت کر نے یا نیلام کر نے کی کوشش کر رہے ہیں جس کی وجہ سے متاثرہ کاشت کاروں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے انہوں نے کہا کہ کاشت کاروں کے واجبات کی ادائیگی کے بغیر شوگر مل فروخت یا نیلام کرنا متاثرہ سینکڑوں کاشت کاروں کا معاشی قتل کر نے کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ متاثرہ کاشت کاروں کے ساتھ ساتھ ان کے ہاری بھی واجبات نہ ملنے کے باعث معاشی پریشانیوں کا شکار ہیں کیونکہ روکے جانے والے واجبات میں ان ہاریوں کا حصہ بھی شامل ہے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا کرپشن اور نا انصافیوں کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں تو انہیں سب سے پہلے اپنی شوگر مل کے سینکڑوں غریب کسانوں اور مزارعوں کے خون پسینے کی رقم ادا کرنا چاہیئے اس کے بغیر ان کے منہہ سے ایسی باتیں اچھی نہیں لگتیں انہوں نے مزید کہا کہ پنگریو شوگر مل پر کاشت کاروں کے علاوہ مل میں کام کر نے والے غریب محنت کشوں کے واجبات بھی باقی ہیں جو کہ مل مالک ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا ادا نہیں کر رہے پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں نے کہا کہ وہ مل کے متاثرہ کاشت کاروں اور محنت کشوں کے واجبات کے حصول تک خاموش نہیں بیٹھیں گے اس موقع پر کاشت کاروں نے نعرے بازی بھی کی اور وزیر اعظم پاکستان، وزیر اعلیٰ سندھ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور چئیرمین نیب سے اپیل کی کہ وہ پنگریو شوگر مل پر واجب الادا کاشت کاروں اور محنت کشوں کے بائیس کروڑ روپے سے زائد کے واجبات کی ادائیگی کے لئے اقدامات کریں بصورت دیگر کاشت کار ضلع بدین کے روڈ رستوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :