اپنی 34سالہ سروس کے دوران واٹر بورڈ میں اپنے پیشہ وارانہ فرائض محنت لگن اور فرض شناسی سے انجام دیئے ہیں، قطب الدین شیخ

تمام افسران ،صوبائی حکومت ، سماجی حلقوں کی مشاورت اور تعاون حاصل رہا ، جس کی وجہ سے میں اپنی ذمہ داریوں کو پایہ تکمیل تک پہنچا کرسبکدوش ہورہا ہوں

جمعرات 30 اپریل 2015 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30اپریل۔2015ء) منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ قطب الدین شیخ نے کہا ہے کہ میں نے اپنی 34سالہ سروس کے دوران واٹر بورڈ میں اپنے پیشہ وارانہ فرائض محنت لگن اور فرض شناسی سے انجام دیئے ہیں اور مجھے اپنے تمام افسران ،صوبائی حکومت ، سماجی حلقوں کی مشاورت اور تعاون حاصل رہا ، جس کی وجہ سے میں اپنی ذمہ داریوں کو پایہ تکمیل تک پہنچا کرسبکدوش ہورہا ہوں جس کے لئے میں اﷲ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے دن اپنے ریٹائرمنٹ کے موقع پر واٹربورڈ کے افسران سے الوداعی ملاقات کے دوران کیا ،انہوں نے کہا کہ بہتر خدمات ہی سے ہم ادارے کا امیج بہتر سے بہتر بناسکتے ہیں ،لہٰذا میری خواہش ہے کہ واٹربورڈ کے تمام افسرا ن اور ملازمین اپنی پیشہ وارانہ تجربہ اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے خدمات انجام دیں اس لئے کہ واٹربورڈ ایک خدمتی ادارہ ہے شہریوں کو پانی پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور دستیاب پانی کو بہتر منصوبہ بندی سے فراہم کریں تو شہر کے ہر حصے میں پانی پہنچایا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں اﷲ تعالیٰ کی خوشنودی اور رضا مندی کیلئے کام کرنا چاہئے میں نے دیکھا ہے کہ پانی کی تقسیم میں والو آپریشن پر کڑی نگرانی اور مانیٹیرنگ کی ضرورت ہے ،لہٰذا تمام چیف انجینئرز اپنے افسران اور اسٹاف کے کنٹرول ، مانیٹرنگ اور نگرانی کا ویژن اپنائیں تو صورتحال میں نمایاں تبدیلی آسکتی ہے ، انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ اور ریونیو کے محکموں کا واٹربورڈ کو مضبوط اور مستحکم بنانے میں اہم اور کلیدی کردار ہے جبکہ بلک ، ڈسڑی بیوشن، الیکٹریکل و مکینیکل خاص طور پر ریونیو ڈپارٹمنٹ کانہایت اہم اور نمایاں کردار ہے اور مجھے خوشی ہے کہ ریونیو ڈپارٹمنٹ نے واٹربورڈ کے ریونیو میں اضافے کو یقینی بنایا تاہم اس میں مناسب اصلاح اور موثر اقدامات کی ضرورت ہے اس لئے کہ واٹربورڈ اپنے مالی وسائل سے ہی ادارے کو چلارہا ہے انہوں نے تمام افسران کا شکریہ ادا کیا اور توقع ظاہر کی کہ افسران واٹربورڈ کو ایک مثالی مضبوط اور مستحکم ادارہ بنانے میں اپنا موثر کردار ادا کریں گے ،دریں اثنا ڈی ایم ڈی ریونیو محمد اسلم خان اور پرسنل اسٹاف آفیسر وقار ہاشمی نے اسٹاف کی جانب سے سبکدوش ہونے والے ایم ڈی قطب الدین شیخ کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی خدمات کو سراہا اور اسٹاف کے ساتھ مثبت رویہ پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔