سرمایہ دارانہ نظام نے مزدور کو ظلم کی چکی میں پیس کر رکھ دیا ہے‘ پیر اعجاز ہاشمی

پیسہ کمانے کی دھن میں محنت کشوں کو پوری تنخواہیں دی جاتی ہیں نہ ہی ان کیلئے صحت مندانہ ماحول فراہم کیا جاتا ہے

جمعرات 30 اپریل 2015 22:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30اپریل۔2015ء ) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ سرمایہ دارانہ نظام نے مزدور کو ظلم کی چکی میں پیس کر رکھ دیا ہے،پیسہ کمانے کی دھن میں محنت کشوں کو پوری تنخواہیں دی جاتی ہیں اور نہ ہی ان کے لئے صحت مندانہ ماحول فراہم کیا جاتا ہے۔ یوم مزدور کے حوالے سے جاری بیان میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ اسلام نے مزدوروں کو حقوق دیئے ہیں اگر کوئی صنعتکار سرمایہ دارحقوق ادا نہیں کرتا تو وہ ظالموں میں شمار ہوگا۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت مزدور کی کم سے کم تنخواہ پر عملدرآمد نہیں کرواسکی۔ اب فیکٹریوں میں مزدوروں کو تنخواہ کم دی جاتی ہے اور مقررہ اوقات سے زیادہ کام لیا جاتا ہے۔ جے یو پی کے مرکزی صدر نے متروکہ وقف املاک سمیت متعدد اداروں میں سابقہ دور حکومت میں ملازمت حاصل کرنے والوں کو نوکریوں سے نکالنے کے لئے نوٹس جاری کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کو اب رویہ بدل دینا چاہیے۔

(جاری ہے)

ملازمتیں چھیننے سے میاں نواز شریف کی نیک نامی نہیں ہوگی۔ انہیں خدا سے ڈرنا چاہیے۔ کسی کا روزگار چھیننے سے بددعاوں کے علاوہ کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے حقوق صرف نظام مصطفی کے نفاذ سے ہی ممکن ہوں گے ۔استعماری اور استحصالی نظام نے محنت کشوں کو صرف پریشانیوں کے کچھ نہیں دیا۔