پی پی مزدور، کساں، محنت کش اور پسے ہوئے طبقے کی نمائندہ جماعت ہے، قائم علی شاہ

پی پی مزدوروں کے حقوق، فلاح بہبود، تحفظ اور خوشحالی کیلئے کام کرتی رہے گی وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا یوم مئی کے موقع پرپیغام

جمعرات 30 اپریل 2015 22:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے یکم مئی کو مزدوروں کے عالمی دن کے موقعے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے بصیرت اور ہدایات کے مطابق ورکروں کی کئی سماجی و اقتصادی مراعات میں اضافہ کیا ہے اور ان کی سماجی تحفظ کیلئے اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی حکومت نے سال 2010میں مزدوروں کیلئے پالیسی اعلان کیا تھا جس کے تحت تمام معطل کئے گئے مزدوروں کو نہ صرف بحال کیا گیا تھا بلکہ 3لاکھ مزدوروں کو ریگیولر بھی کیا گیاتھا، اس کے ساتھ ساتھ مزدوروں کی تنخواہوں میں 135فیصد تک اضافہ کیا گیا تھا، انہوں نے کہا کہ نہ صرف اتنا بلکہ بینظیر ایمپلائیز اسٹاک آپشن اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 84- سرکاری اداروں کے 12فیصد شیئر ورکروں کے حوالے کئے گئے اور ان اداروں کی گورننگ باڈیز میں ان کو نمائندگی دی گئی، انہوں نے کہا کہ پی پی کی حکومت ہی تھی جس نے مزدوروں کی کم سے کم اجرت کو 4600سے10ہزار تک بڑھایا۔

(جاری ہے)

مزدوروں کو سماجی تحفظ کے تحت طبی سہولیات اور روزگار کا تحفظ بھی دیا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پی پی حکومت نے حادثات کی صورت میں مزدوروں کی اموات پر 2- لاکھ گرانٹ کو بڑھاکر 5- لاکھ کیا، شادی کی گرانٹ کو 5-لاکھ سے 10لاکھ کیا اور کمپنی کے منافعے میں مزدوروں کے شیئر کو 18400سے 28ہزار تک بڑھایا گیا،جبکہ مزدوروں کے بچوں کو شادی کیلئے بلاقرعہ اندازی کے مالی امداد کا بھی تحفظ دیا گیا،اس طرح ان کے بچوں کی اسکالر شپ کی رقم 29سو سے 3500تک بڑھائی گئی کسی بھی قانونی مدد کیلئے 15- ہزار ورکر ویلفیئر فنڈ سے قانونی تحفظ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پی پی مزدور، کساں، محنت کش اور پسے ہوئے طبقے کی نمائندہ جماعت ہے، جس نے اپنے وجود سے لیکر آج تک کئی تاریخی کارنامے سرانجام دیئے ہیں۔ آج بھی صرف ورکروں اور مزدوروں کے تحفظ کے خاطر ہی پی پی نجکاری کی مخالف ہے،انہوں نے کہا کہ پی پی شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریات کے مطابق مزدوروں کی بھلائی کیلئے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی نگرانی میں مزدوروں کے حقوق، فلاح بہبود، تحفظ اور خوشحالی کیلئے کام کرتی رہے گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے یکم مئی کو شکاگو میں محنت کشوں کی طرف سے اپنے حقوق کیلئے دی گئی جانی قربانی پر انہیں سلام پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پی پی پی ملک میں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ان کے شانہ بشانہ رہے گی۔

متعلقہ عنوان :