عوام کو سستے داموں صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے بولان میڈیکل ہسپتال میں جدید مشینیں فعال کر دی ہیں ،میر رحمت صالح بلوچ

مریضوں کے سرکاری ریٹ پرٹیسٹ کئے جائیں گے ،صوبائی وزیرصحت میر رحمت صالح بلوچ جلد ہی سول ہسپتال کوئٹہ میں بھی ایک نئی انجیو گرافی مشین نصب کردی جائے گی، صحافیوں سے بات چیت

جمعرات 30 اپریل 2015 22:54

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30اپریل۔2015ء) صوبائی وزیرصحت میر رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کو سستے داموں صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے بولان میڈیکل ہسپتال میں انجیو گرافی ،انجیو پلاسٹی اور ایم آر آئی مشین فعال کردی گئی ہیں جہاں مریضوں کے سرکاری ریٹ پرٹیسٹ کئے جائیں گے جلد ہی سول ہسپتال کوئٹہ میں بھی ایک نئی انجیو گرافی مشین نصب کردی جائے گی ۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو بولان میڈیکل ہسپتال میں انجیو گرافی اور ایم آر آئی مشین کے افتتاح کے موقع پرمنعقدہ تقریب اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر بولان میڈیکل ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر نوشیروان ، کارڈیالوجی کے ہیڈ ڈاکٹرعابد ،ڈاکٹر نجیب اﷲ اور ڈاکٹر یوسف بزنجو بھی موجود تھے۔ میر رحمت بلوچ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو محکمہ صحت سمیت تمام محکمے غیر فعال تھے لیکن وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر مالک بلوچ نے محکمہ صحت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دی اور ان محکموں کے بجٹ میں کئی گنا اضافہ کیا جس سے عوام کو صحت اور تعلیم کی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بولان میڈیکل ہسپتال میں ایم آر آئی مشین گزشتہ اڑھائی سال سے خراب پڑی تھی جسے فنگشنل کردیا گیا ہے اور ایک ماہ کے دوران اب تک 200مریضوں کی ایم آر آئی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بولان میڈیکل ہسپتال میں انجیو گرافی کی مشین 8مارچ کو فنگشنل کی گئی جس میں اب تک 35مریضوں کی انجیو گرافی اور 18مریضوں کی انجیو پلاسٹی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام غربت کی وجہ سے بازار سے یہ ٹیسٹ مہنگے داموں نہیں کراسکتے اب انکے بولان میڈیکل ہسپتال میں ایم آر آئی اور انجیو گرافی کے ٹیسٹ سرکاری ریٹ پر کئے جارہے ہیں ۔میررحمت بلوچ نے کہا کہ پہلے بلوچستان میں ایک میڈیکل کالج تھا لیکن اب حکومت نے مزید تین میڈیکل کالج قائم کئے ہیں بولان میڈیکل کالج سے پڑھنے والے ڈاکٹرز آغا خان ہسپتال سمیت بیرون ملک عوام کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اندرون بلوچستان کے ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث مریضوں کی زیادہ تر تعداد کوئٹہ کے بولان میڈیکل ہسپتال اور سول سنڈیمن ہسپتال کا رخ کرتی ہے جس کی وجہ سے ان ہسپتالوں میں مریضوں کا بہت رش رہتا ہے ہماری کوشش ہے کہ تمام دیہی علاقوں میں بھی عوام انکی دہلیز پر علاج معالجے کی فراہمی کیلئے تمام ہسپتالوں کو انکی ضرورت کے مطابق مشینری اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں ،عوام اور ڈاکٹر ز محکمہ صحت کی مزید بہتری کیلئے مثبت تجاویز دیں ہم اس پر عملدرآمد کریں گے۔ میر رحمت بلوچ نے کہا کہ صوبے میں ’’صحت مند بلوچستان ‘‘ پروگرام کے تحت دل کے 500غریب مریضوں کو وزیراعلیٰ بلوچستان کی ذاتی کوششوں سے مفت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔اس موقع پر بولان میڈیکل ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر نوشیروان نے بتایا کہ بولان میڈیکل ہسپتال میں عوام کو صحت کی تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور ہسپتال میں 20ایکوبیٹر بھی فعال کردیئے گئے ہیں جس سے غریب افراد کو فائدہ پہنچ رہاہے جبکہ ایم آر آئی اور انجیو گرافی مشین کے فنگشنل ہونے سے لوگ استفادہ کررہے ہیں ۔

کارڈیالوجی وارڈ کے انچارج ڈاکٹر عابد نے بتایا کہ سابقہ ادوار میں محکمہ صحت کے کارڈیالوجی وارڈ کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی جسکے باعث مسائل کے انبارلگے ہوئے تھے لیکن وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور وزیرصحت میر رحمت بلوچ کی ذاتی کوششوں کے باعث بولان میڈیکل ہسپتال میں انجیو گرافی مشین نصب کی گئی ہے جبکہ اڑھائی سال سے خراب پڑی ایم آر آئی مشین کو بھی مرمت کے بعد فعال کردیا گیا ہے جلد ہی سول سنڈیمن ہسپتال میں ایک نئی انجیوگرافی مشین بھی نصب کردی جائے گی جس سے غریب مریضوں کو فائدہ پہنچے گا۔