فیصل مسجد میں امام کعبہ کی امامت میں نماز جمعہ کی ادائیگی،سکیورٹی کے خصوصی انتظامات

ایک ہزار پولیس اور رینجرز اہلکاروں نے سیکیورٹی کے فرائض انجام دیئے ،خطبہ جمعہ کے دوران رقت آمیز مناظر

جمعہ 1 مئی 2015 17:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم مئی۔2015ء) فیصل مسجد میں امام کعبہ کی امامت میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے، ایک ہزار پولیس اور رینجرز اہلکاروں نے مسجد کے اندر اور اطراف میں سیکیورٹی کے فرائض انجام دیئے، مسجد انتظامیہ نے ڈیڑھ لاکھ افرادکے نماز جمعہ ادا کرنے کے انتظامات کر رکھے تھے، نماز جمعہ کے موقع پر مسجد، اس کا صحن اور اطراف کی جگہیں کھچا کھچ بھری ہوئی تھیں، مسجد کی سیڑھیوں اور اطراف کے سبزہ زاروں اور پارکنگ ایریا میں بھی لوگوں نے نماز جمع ادا کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نمازیوں کو مسجد کے اندر لے جانے کیلئے خصوصی شٹل سروس کا انتظام کیا گیا تھا، جس کے ذریعے نمازیوں کو نماز کی جگہوں تک پہنچایا جاتا رہا، خطبہ جمعہ کے دوران بعض رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے، جب امام کعبہ نے خطبے میں امت مسلمہ کی نشاۃ ثانیہ اور نجات کیلئے دعائیہ کلمات ادا کئے تو بعض افراد زاروقطار روتے رہے۔ قبل ازیں امام کعبہ اور صدر مملکت ہیلی کاپٹر کے ذریعے فیصل مسجد آئے اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہی واپس ایوان صدر گئے۔

متعلقہ عنوان :