رائے ونڈ میں گرینڈ آپریشن ،3500کلوگرام مضر صحت گوشت پکڑا گیا،ملزمان کے خلاف مقدمہ درج

پکڑے گئے ملزمان میں محمد ریاض ولد اصغر علی ، ساجد ولد دین محمد ،محمد عمران ولدمحمد ریاض ،فواد احمد ولد قاضی انیس شامل

جمعہ 1 مئی 2015 17:55

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم مئی۔2015ء) سیکرٹری لائیو سٹاک نسیم صادق کی خصوصی ہدایت پر رائے ونڈ میں مضر صحت گوشت فروخت کرنیوالے مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران 3500کلوگرام مضر صحت گوشت پکڑا گیا،ملزمان کے خلاف تھانہ سٹی رائے ونڈ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری لائیو سٹاک نسیم صادق کی جانب سے پنجاب بھر کی عوام کو صاف اور معیاری گوشت کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بنائی ٹیم نے رائے ونڈ بائی پاس فیکٹری ایریا میں مخبر کی اطلاع پر ناکہ لگایا جہاں سے گزرنے والی تین گاڑیوں کو روکا گیا جس میں مضر صحت اور پانی ملا گوشت موجود تھا ٹیم کے سربراہ کاشف جلیل انڈر سیکرٹری نے تینوں گاڑیوں میں موجود گوشت کو چیک کیا تو وہ مضر صحت قرار پایا،ٹیم نے مضر صحت گوشت فروخت کرنیوالے ملزمان محمد ریاض ولد اصغر علی کو ٹ رادھاکشن ، ساجد ولد دین محمد حویلی ملکاں والی ،محمد عمران ولدمحمد ریاض بھمبہ خورد ،فواد احمد ولد قاضی انیس چونیاں کو گرفتار کرلیا اور انکے قبضہ سے 3500کلوگرام مضر صحت گوشت حراست میں لے لیا گیا ٹیم انچارج کے مطابق مضر صحت گوشت کی فروخت کی شکایات کی بھرمارتھیں کہ رائے ونڈ اور گردونواح کے علاقوں سے گوشت بیرون ملک بھیجا جارہا ہے اور مذکورہ افراد لاہور کے معروف ہوٹلوں میں بھی مضر صحت گوشت کی سپلائی جاری رکھے ہوئے تھے ۔

(جاری ہے)

ملزمان مذکورہ کے خلاف تھانہ سٹی رائے ونڈ میں مقدمہ نمبر 429/15درج کرلیا گیا ۔واضح رہے کہ رائے ونڈ میں مضر صحت گوشت کی روک تھام کیلئے ہونیوالی یہ سب سے بڑی کارروائی ہے ۔

متعلقہ عنوان :