ہمارے دین نے تو جانوروں پر بھی بلاوجہ تشدد کرنے سے منع کیاہے‘مشیر صحت پنجاب

معصوم رمیزا پر تشدد کرنیوالے کسی صورت معافی یارعایت کے مستحق نہیں ہیں‘ سلمان رفیق

جمعہ 1 مئی 2015 20:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم مئی۔2015ء) معصوم انسان ہو یا جانور اس پر بلا وجہ تشدد کی ہمارا دین بھی اجازت نہیں دیتا۔ 8سالہ معصوم رمیزا پر بڑا ظلم ہوا ہے۔ اسے جس بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے کوئی بھی صاحب اولاد اگر اس بچی کو ایک نظر دیکھ لے تو آبدیدہ ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ ان خیالات کا اظہار مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔

یکم مئی۔2015ء سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بچی یا بچے کو اس نیت سے خریدنا کہ اس سے بیگار لی جائیگی مکروہ اور ظالمانہ سوچ کا شاخسانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دین میں تو جانوروں کے ساتھ ظلم کرنا‘ انہیں بلاوجہ تشدد کا نشانہ بنانا یا بے سبب ہلاک کرنے سے بھی منع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں جانوروں کیساتھ بھی ظلم وتشدد کی روک تھام کیلئے انسداد بے رحمی ادارہ موجود ہے۔

(جاری ہے)

جو جانوروں کیساتھ ظلم وستم ڈھانے والوں کے خلاف کارروائی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمیزا جیسی معصوم بچی کو بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنانے والے کسی معافی یا رعایت ے مستحق نہیں ہیں۔ انیں ان کے کئے کی سزا بھگتنی پڑے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بچی کے علاج میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی گئی۔ رمیزا کیلئے متعلقہ ڈاکٹرز ‘ نرسنگ سٹاف اور مطلوبہ ادویات کے علاوہ خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔