اسلامی نظام حکومت کے بغیر مزدور کو اسکا جائز حق اور خوشحال زندگی ملناممکن نہیں، سراج الحق

گیردارانہ سسٹم پسماندہ طبقے کو کبھی بھی مراعات فراہم نہیں کرسکتا،غریبوں کو اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے متحدہوکر جدوجہد کرنا ہوگی،امیرجماعت اسلامی

جمعہ 1 مئی 2015 21:22

کالاشاہ کاکو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم مئی۔2015ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مزدور کو اسکا جائز حق اور خوشحال زندگی اسلامی نظام حکومت کے بغیر ملنا ممکن نہیں ، جاگیردارانہ سسٹم پسماندہ طبقے کو کبھی بھی مراعات فراہم نہیں کرسکتا، غریبوں کو اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے متحدہوکر جدوجہد کرنا ہوگی۔وہ گزشتہ روز شیر بنگال لیبر کالونی کالاشاہ کاکو میں مزدوروں کے عالمی دن کے حوالہ سے منعقدہ تقریب اور خطبہ جمعتہ المبارک سے خطاب کررہے تھے ۔

اس موقع پرصوبائی صدر اسلامک سرکل ساؤتھ افریقہ اجی محمد اسلم کمبوہ،ضلعی امیر جماعت اسلامی شیخوپورہ تحفہ دستگیر ، امیر جماعت اسلامی ریانپورہ ذکاء اﷲ سروربھی انکے ہمراہ تھے ۔ خطاب کرتے ہوئے سینٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے غریب عوام اور مزدور طبقہ کی بھلائی بھی اسلامی نظام میں ہے، جس طرح اﷲ بے عیب ہے اور اپنے بندوں کیلئے کافی ہے اسی طرح اﷲ اور اسکے رسولؐ کا لایا ہوا نظام بھی بے عیب اور انسانیت کیلئے کافی ہے ضرورت ہے تو بس اس کو نافذ کرنے کی ۔

(جاری ہے)

خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ اسلام کے نام پر قائم ہونیوالی مملکت اسلامیہ میں اب تک انگریز کا نظام حکومت چل رہا ہے اور عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوکر آنیوالے اراکین اسمبلی اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں ۔ اب ایک رکن اسمبلی اسلام آباد میں بیٹھ کر شراب نوشی کرتا ہے تو اس گناہ میں اسکا ووٹر بھی شامل ہے جس کے ووٹ کی طاقت سے وہ پارلیمنٹ تک پہنچا۔

انکا کہنا تھا کہ اگر ہماری حکومت آئی تو ہم مفت علاج، مفت تعلیم کی سہولت دینگے ، زکوۃ کا نظام بہتر بنایا جائیگا ، پسماندہ طبقات کو ضروریات اشیاء پر سبسڈی دی جائیگی۔ دوران خطاب سینٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ میں ایک غریب مزدور کا بیٹا ہوں اور مزدوروں کے مسائل اچھی طرح جانتا ہوں ، اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :