صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے صوبائی نظامت صحت میں گڈگورننس کو یقینی بنانے کیلئے بائیومیٹرک سسٹم کا افتتاح کردیا

جمعہ 1 مئی 2015 22:06

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم مئی۔2015ء)صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے صوبائی نظامت صحت میں گڈگورننس کو یقینی بنانے کیلئے بائیومیٹرک سسٹم کا افتاح کردیا۔ اس موقع پر صوبائی نظامت کے افسران اورملازمین سے خطاب کرتے ہوئے میر رحمت بلوچ نے کہا کہ ہم سب کو دفتروں میں اپنی حاضری کو یقینی بنانا چاہئے تاکہ عوام الناس اور دور دراز علاقوں سے آنے والے ملازمین جن کا کام نظامت صحت سے متعلق ہوتا ہے وہ بغیر کسی تاخیر کے انجام دیا جاسکے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملازمین اورافسران بائیومیٹرک سسٹم کو کامیا ب بنانے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جلد ہی محکمہ صحت کے دیگر دفاتر میں بھی بائیو میٹرک سسٹم نصب کردیا جائے گا تاکہ ملازمین کی بروقت حاضری کو یقینی بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ سے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹرحفیظ مندوخیل کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی وفد میں ڈاکٹر سعودبلوچ ،ڈاکٹر حیات بلوچ ، ڈاکٹر محمد انور ،ڈاکٹر محمد یعقوب ،ڈاکٹر بختیار،ڈاکٹرمصوراور دیگر شامل تھے۔

ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن نے صوبائی وزیر صحت کواپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور ہماری کوشش ہے کہ ڈاکٹروں کے مسائل حل کریں ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے محکمہ صحت کے 15ہزار سے زائد ملازمین کو مستقل کیا ہے ینگ ڈاکٹرز نے جن مسائل کی نشاندہی کی ہے انہیں حل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال کوئٹہ میں گزشتہ روز رونما ہونے والے واقعہ کی وزیرداخلہ نے 3دن کے اندر رپورٹ سامنے لانے کا وعدہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے تمام ہسپتالوں میں مشینری سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ڈاکٹروں کو بھی چاہئے کہ وہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو بہتر طریقے سے علاج معالجے کی سہولیات فراہم کریں۔