انسانی اعضا کی پیوندکاری کے بل کو روکنے کے لئے کئی لابیاں سرگرم ہوگئی ہیں تاہم حکومت پارلیمنٹ کے آئندہ سیشن سے بل منظور کرالے گی۔ وفاقی وزیر صحت محمد نصیر خان کی میڈیا سے گفتگو

منگل 28 اگست 2007 15:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اگست۔2007ء) وفاقی وزیر صحت محمد نصیر خان نے کہا ہے کہ انسانی اعضاء کی پیوند کاری کا بل جلد منظور کر لیا جائے گا۔اسلام آباد میں شفاء انٹرنیشنل ہسپتال میں پینسلین کلینک کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوند کاری پر پابندی کے بل کو روکنے کےلئے مختلف لابیز سرگرم ہیں لیکن حکومت پارلیمنٹ کے آئندہ سیشن سے قبل اس کو آرڈیننس کی صورت میں لائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے صدارتی انتخاب کے حوالے سے کہا کہ کوئی بھی سرکاری ملازم بالخصوص ڈاکٹر ملازمت کے دوران صدارتی یا عام انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتا اسکے لئے اس کو ملازمت سے استعفیٰ دینا ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ صدر مشرف ایک آئینی ترمیم کے ذریعے صدارتی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں اور یہ ترمیم تمام سرکاری ملازمین پر لاگو نہیں ہوتی۔اس سے قبل پینسلین کلینک کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے ملک میں دل کی بیماریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور پمز میں برن سنٹر جلد کام کرنا شروع کردے گا۔

متعلقہ عنوان :