Live Updates

دادو کے قریب انڈس ہائی وے پر باراتیوں کی بس ہائی ٹینشن وائر ز سے ٹکراگئی ،دولہا کی ماں اورخواتین و بچوں سمیت 11افراد جاں بحق  30زخمی

شادی کا گھر ماتم کدہ بن گیا، دلہن کے استقبال کی تیاری غم میں بدل گئی  صف ماتم بچھ گئی زخمیوں میں سے بعض افراد 70 سے 80 فیصد تک جھلسے ہوئے ہیں  جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے ایم ایس سول اسپتال صدر  وزیر اعظم کاحادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پردکھ اور افسوس کا اظہار،زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر نے کی ہدایت آصف علی زرداری ، عمران خان، الطاف حسین کادادو میں ہونے بس حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار، وزیراعلیٰ سندھ نے رپورٹ طلب کرلی

اتوار 3 مئی 2015 16:44

دادو کے قریب انڈس ہائی وے پر باراتیوں کی بس ہائی ٹینشن وائر ز سے ٹکراگئی ..

دادو/اسلام آباد/کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 3مئی۔2015ء) دادو کے قریب انڈس ہائی وے پر باراتیوں کی بس ہائی ٹینشن وائر ز سے ٹکراگئی ۔خوفناک حادثے میں دولہا کی ماں اور دیگر خواتین و بچوں سمیت 11افراد جاں بحق جبکہ 30زخمی ہوگئے ہیں۔زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ہے ۔شادی کا گھر ماتم کدہ بن گیاجس گھر میں دلہن کے استقبال کی تیاری کی جارہی تھی ،وہاں صفت ماتم بچھ گئی ۔

صدر ممنون حسین  وزیر اعظم نواز شریف نے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پردکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر نے کی ہدایت کی ہے۔سابق صدر آصف علی زرداری ، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے دادو میں ہونے بس حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق خیرپور ناتھن شاہ گاؤں ڈتل ببر کا رہائشی شبیر ببر نکاح کے بعد اپنی دلہن اور دیگر رشتے داروں کے ہمراہ بید شریف سے خوشی خوشی واپس خیرپور ناتھن شاہ جا رہا تھا کہ کنڈو چکھی کے قریب باراتیوں کی بس 11ہزار واٹ بجلی کی تاریں نیچے ہونے کی وجہ سے تاروں سے ٹکرانے باعث بس کو آگ لگ گئیجس نے دیکھتے ہی دیکھتے بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

جس کے نتیجے میں 8 افراد مسمات خالدہ، صحت خاتون ، زاہدہ جیندو ، آمنہ زہرا ، مومنت ، سرفراز اعظمموقع پر ہی جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔زخمیوں کو فوری طور پر دادو، میہڑ اور لاڑکانہ کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں مزید 3 زخمی دم توڑ گئے۔حادثہ میں نئی بہو لانے والی ساس سکینہ بی بی بھی جھلس کر جاں بحق ہوگئی ہے ۔مرنے والے تمام افرادکا تعلق ایک ہی گاوں سے ہے اور سب آپس میں رشتے دار ہیں ۔

جب کہ آس پاس کے لوگوں نے زخمیوں اور ہلاک ہونے والوں کو تحصیل ہسپتال خیرپور ناتھن شاہ پہنچایا جہاں ہسپتال میں فوری طور پر ایمرجنسی لگانے کے باوجود بھی صحت کی سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے زخمی تڑپتے رہے ۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق افراد میں 7 خواتین، 2 بچے اور 2 مرد شامل ہیں۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر دادو، میہڑ اور لاڑکانہ کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں مزید 3زخمی دم توڑ گئے۔

زخمیوں میں سے بعض افراد 70 سے 80 فیصد تک جھلسے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ایم ایس سول اسپتال خیرپور ڈاکٹر صدیق نظامانی کے مطابق 12 زخمیوں کو چانڈکا میڈیکل اسپتال لاڑکانہ اور 8 زخمیوں کو دادو سول اسپتال منتقل کردیاگیا۔ بس میں سوار تمام افراد باراتی تھے، حادثے میں دلہا اور دلہن معجزانہ طور پر بچ گئے ہیں ۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ خیر پور ناتھن شاہ پر باراتیوں کی کھڑی تھی کہ بس کے اوپر بجلی کی 11ہزار کے وی کی تار آگری، تار گرنے کے باعث بس میں ایک دم ہی آگ لگ گئی تاہم یہ معلوم نہ ہو سکا کہ بجلی کی تار کس وجہ سے گرے۔ زخمی ہونے والوں میں سے چھ افراد کو لاڑکانہ کے چانڈکا میڈیکل ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے جن میں سے سات سالہ فرحان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جب کہ باقی پانچ زخمی جن میں چار سالہ شاہ زیب ، آٹھ سالہ خالدہ و دیگر شامل ہیں کو طبی امداد کی فراہمی کا عمل جاری ہے جن میں سے بھی تین کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے ۔

چانڈکا میڈیکل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر صفی اللہ عباسی کے مطابق ہسپتال میں زخمیوں کو مکمل طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم محمد نواز شریف نے دادومیں بس حادثے پر افسوس اور دکھ کے اظہار کے ساتھ ساتھ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے حادثے میں جاں ہونے والوں کے لیے دعائے مغرفت کی ہے ۔

وزیراعظم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس طرح کے حادثات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں اور حادثے میں زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی سہولتیں مہیا کی جائیں، سابق صدر آصف علی زرداری نے دادو میں ہوئے بس حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی دادو میں شہریوں کی حادثاتی موت پر افسوس کا اظہارکیا ہے۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات