ڈینگی وائرس سے بچنے کے لئے معاشرے کا ہر فرد اپنا کردار اداکرے‘بابر حیات تارڑ

علماء کرام اپنے خطبات میں عوام کو گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے کی تلقین کریں اقبال ٹاؤن انتظامیہ ڈینگی لاروے کو ختم کرنے کیلئے مکینیکل طریقے اور کیمیکل سپرے کر رہی ہے‘سیکرٹری کوآپریٹو

پیر 4 مئی 2015 20:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء ) صوبائی سیکرٹری کوآپریٹو بابر حیات تارڑ کی زیر صدارت ڈینگی کنٹرول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا اور اجلاس میں ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے ڈینگی سے بچاؤ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ،بابر حیات تارڑ خان نے ٹاؤن انتظامیہ کے حکام کو ہدایت کی کہ ڈینگی لاروا کے خاتمہ کے لئے سپرے اور دوسرے اقدامات جاری رکھے جائیں اور ٹاؤن کی دیہی حدود میں ڈینگی لاروا اور مچھر کے خاتمہ کے لئے کوششیں مسلسل جاری رکھی جائیں-انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں نے ڈینگی بخار کے خلاف شعور بیدار کیا اور حکومتی اقدامات کے باعث موجود ہ سیزن کے دوران ڈینگی بخار کوپھیلنے سے روک دیاجائے گاتاہم معاشرے کے تمام طبقے عوام کوڈینگی بخار کی حفاظتی تدابیر سے آگاہ کریں-انہوں نے کہا کہ محمدشہباز شریف کی قیادت میں ڈینگی کے تدارک کے لئے ہم نے بھرپور کاوشیں کیں اور ڈینگی کے خلاف یہ جنگ ایک مسلسل عمل ہے -سیکرٹری کوآپریٹو نے کہا کہ ڈینگی وائرس سے بچنے کے لئے علماء سمیت معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار اداکرنا ہے اور علماء کرام اپنے خطبات میں عوام کو گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے کی تلقین کریں تا کہ ڈینگی مچھر کی افزائش نہ ہو اور ڈینگی بخار سمیت دیگر متعددی بیماریوں سے بچا جا سکے-انہوں نے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ ڈینگی لاروے کو ختم کرنے کیلئے مکینیکل طریقے اور کیمیکل سپرے کر رہی ہے اور عوام میں شعور بیدار کرنے کیلئے مختلف جگہوں خصوصاً طلبا و طالبات کے تعلیمی اداروں میں سیمینار منعقد کئے جا رہے ہیں جبکہ محکمہ کوآپریٹو نے اس سلسلے میں احسن اقدامات اٹھا کر رول ماڈل کا کردار ادا کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :