فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالو جی میں مریضوں کے علاج کی ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں،ڈی سی اونورالامین مینگل

پیر 4 مئی 2015 23:03

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں امراض قلب کے مریضوں کی سہولت کے لئے ایمرجنسی وارڈکو مزید وسعت دینے اور دیگر مطلوبہ طبی مشینری کے حصول کے سلسلے میں منصوبہ حکومت پنجاب کو منظوری کے لئے بلاتاخیر بھیجاجا رہا ہے تاہم دستیاب وسائل کو دانشمندانہ انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے اعلیٰ نظم ونسق کے تحت مریضوں کے علاج کی ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔

یہ بات ڈی سی اونورالامین مینگل نے ایف آئی سی کے اچانک دوہ کے دوران ایمرجنسی وارڈ میں میڈیکل سروسز،مختلف طبی مشینری اورصفائی کی صورتحال کامعائنہ کرتے ہوئے کہی اورسیل فون پر اینڈرائڈ ایپلیکیشن کے ذریعے موقع کی رپورٹ حکومت پنجاب کوارسال کی۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شیر علی خاں اوردیگرڈاکٹرز بھی اس موقع پر موجودتھے۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے ایف آئی سی میں اعلیٰ معیار کی میڈیکل سروسز اورانتظامی کارکردگی پراطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ دل کے مریضوں کو عمدہ،معیاری اور تیز رفتار طبی سہولتوں کی فراہمی پر عوامی اعتمادکے پیش نظراردگرد کے اضلاع وعلاقوں سے بھی مریض اس ہسپتال کا رخ کرتے ہیں جس کے باعث مریضوں کا رش وسائل سے تجاوز کررہا ہے اس چیلنج سے نبردآزما ہونے کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے طبی سہولتوں میں اضافہ کرنے کے لئے منصوبہ سازی کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے کہا کہ بہترین انتظامی حکمت عملی کے تحت ایمرجنسی شعبے کو مزیدباسہولت بنایا جائے کیونکہ دل کے مریض ہمیشہ ایمرجنسی کی حالت میں ہی ہسپتال پہنچتے ہیں۔ڈی سی او نے ایف آئی سی میں مریضوں کے لئے ٹائلٹس ،لیبارٹری،ای سی جی روم اور دیگرشعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے بہترین انتظامات کو تسلی بخش قراردیا۔انہوں نے ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور ان سے ادویات کی فراہمی وعلاج معالجہ کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی وارڈ میں عنقریب وسعت لائی جارہی ہے۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرشیر علی خاں نے بتایا کہ مخیر صنعتکارکے تعاون سے موجودہ ایمرجنسی وارڈ سے ملحقہ 48بیڈزکا ڈبل سٹوری نیا ایمرجنسی وارڈ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اس طرح ایمرجنسی کے شعبے میں مجموعی طور پر بیڈز کی تعداد66ہو جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ایف آئی سی پر مریضوں کا بے حد دباؤ ہے تاہم ہر مریض کے علاج پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایمرجنسی وارڈ کے باہر مریضوں کے لئے سٹریچرکی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے اور ڈاکٹرز وسٹاف کو ہمہ وقت متحرک رکھا گیا ہے

متعلقہ عنوان :