انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانا اور مثبت نتائج حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ لوگوں میں اس حوالے سے شعور اجاگر کیا جائے، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد

منگل 5 مئی 2015 22:48

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فیاض احمد جتوئی نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانا اور مثبت نتائج حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ لوگوں میں اس حوالے سے شعور اجاگر کیا جائے۔وہ ایچ ڈی اے کانفرنس ہال حیدرآباد میں 11 سے 18 مئی تک جاری رہنے والی 7 روزہ انسدادپولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ ایک اجلاس کی صدرات کررہے تھے۔

ڈی سی فیاض احمد جتوئی نے بتایا کہ ملک کے دیگر صوبوں کی طرح صوبہ سندھ میں ان ایکٹیویٹیڈ پولیو وائرس ویکسین ( آئی پی وی ) متعارف کرائی جارہی ہے جو کہ 4 ماہ سے 23 ماہ تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطروں کے ساتھ ان کی دائیں ٹانگ میں لگائی جائے گی ۔انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں ڈی سی فیاض جتوئی نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس مہم کے دوران اپنی ڈیوٹی احسن طریقے سے انجام دیں جبکہ کسی بھی افسر یا ملازم کی غفلت کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے انسداد پولیو مہم کے ضلعی فوکل پرسن ڈاکٹر مسعود جعفری نے کہا کہ اس مہم کے تحت 40 ہزار 38 بچوں کو پولیو کے ٹیکے جبکہ ایک لاکھ 13 ہزار ایک سو بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، انہوں نے بتایا کہ اس 7 روزہ مہم کے دوران 55 آؤٹ ریچ ٹیمیں ، 57 فکس سائیٹ ٹیمیں ضلع میں مہم کے دوران حصہ لیں گی جبکہ ویکسینیشن کے لیے 112 اسکلڈ پرسن اور ان کی معاونت کے لیے 112 نان اسکلڈ پرسن مقرر کیے جائیں گے جبکہ اس مہم کو موثر بنانے کے لیے 224 سوشل موبلائیزر بھی مقرر کیے جائیں گے، انہوں نے بتایا کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ضلع کے علمائے کرام ، سماجی شخصیات اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بھی اجلاس منعقد کیے گئے ہیں اجلاس میں محکمہ صحت کے افسران کے علاوہ رینجرز ، پولیس اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :