ایف آئی اے نے امریکہ کی طرف سے عطیہ کی جانیوالی ہیپاٹائٹس سی کی انتہائی مہنگی پہلی اورل میڈیسن کی نقل تیار کرنیوالے گروہ کو گرفتار کر لیا

بدھ 6 مئی 2015 13:54

ایف آئی اے نے امریکہ کی طرف سے عطیہ کی جانیوالی ہیپاٹائٹس سی کی انتہائی ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء ) ایف آئی اے نے امریکہ کی طرف سے پاکستان کو عطیہ کی جانے والی ہیپاٹائٹس سی کی انتہائی مہنگی پہلی اورل میڈیسن ”سوالڈی “کی نقل تیار کرنے والے گروہ کے چھ اراکین کو گرفتار کر لیا، گرفتار ہونے والوں میں ایک اسسٹنٹ پروفیسر بھی شامل ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل ہیپاٹائٹس سی کے مرض کیلئے جتنی بھی ادویات تھیں انہیں مریض کے جسم میں انجیکٹ کیا جاتا تھا لیکن ” سوالڈی “ امریکہ میں تیار ہونیوالی ہیپاٹائٹس سی کی پہلی اورل میڈیسن ہے ۔

امریکہ میں اس میڈیسن کے مکمل کورس پر تقریباًدو کروڑ روپے خرچ آتے ہیں لیکن امریکہ کی طرف سے پاکستان میں یہ میڈیسن محدود پیمانے پر بطور عطیہ بھجوائی جاتی ہے اور کورس کی قیمت دو لاکھ روپے بنتی ہے ۔

(جاری ہے)

اس میڈیسن کے حصول کیلئے مریض کو پہلے رجسٹریشن کرانا پڑتی ہے جسکے بعد اسکااستعمال شروع کرایاجاتاہے اور میڈیسن ختم ہونے پر اسکی خالی شیشی واپس جمع کرائی جاتی ہے جسکے بعد مزید میڈیسن فراہم کی جاتی ہے ۔

ایف آئی نے پاکستان میں اسکے ڈسٹری بیوٹرز کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے سوالڈی کی نقل تیار کرنے والے گروہ کے چھ اراکین کو گرفتار کرلیا ہے جس میں ایک اسسٹنٹ پروفیسرز بھی شامل ہے ۔ ایف آئی اے پنجاب کے ڈائریکٹر عثمان انور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بد قسمتی کی بات ہے کہ شیشی کی قیمت 56ہزار روپے وصول کی جارہی ہے لیکن اس کے اندر مرض کے خلاف لڑنے والی دوائی ہی موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ادویات کا گھناؤنا کاروبار کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس میں بڑی کامیابی ملی ہے ۔انہوں نے بتایا گیا ہے کہ ملزمان کو ڈیرہ غازی خان اور لاہور سمیت مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے جبکہ انکے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :