پاکستان اور مالدیپ میں منشیات سمگلنگ کی روک تھام، کھیل ،صحت اور تعلیم کے شعبے میں مزید تعاون پر اتفاق

جمعرات 7 مئی 2015 14:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 مئی۔2015ء) پاکستان اور مالدیپ کے درمیان منشیات سمگلنگ کی روک تھام، کھیل ،صحت اور تعلیم کے شعبے میں تعاون کے معاہدے طے پا گئے،وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں جنہیں مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں، دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی کے وفود کے تبادلوں پر اتفاق ہوا، مالدیپ میں پارلیمنٹ کی عمارت ہماری دوستی کی مثال ہے، دونوں ممالک کھیل، صحت اورانسداد منشیات میں تعاون بڑھائیں گے، پاکستان تمام ہمسایہ ممالک سے پر امن تعلقات چاہتا ہے جبکہ مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم نے کہا کہ سونامی جیسی قدرتی آفت میں پاکستان نے بھرپور مدد کی، پاکستان ہمیشہ مالدیپ کا مخلص دوست ثابت ہوا، بنیادی ڈھانچے، دفاع اور سماجی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے، توقع ہے کہ دورہ پاکستان باہمی تعاون کی نئی راہیں ہموار کرے گا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو پاکستان اور مالدیپ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات میں وزیراعظم نواز شریف نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم نے مالدیپ کے وفد کی قیادت کی۔ مذاکرات میں پاکستان کی طرف سے پاکستانی وفد نے وفاقی وزیر خرم دستگیر ،ریاض پیرزادہ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، معاون خصوصی طارق فاطمی، وزیر مملکت بلیغ الرحمن اور وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ شامل تھیں۔مذاکرات میں صحت، تعلیم سمیت مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جس کے بعد پاکستان اور مالدیپ کے درمیان مختلف شعبوں میں سمجھوتوں کی تقریب ہوئی، جس میں وزیراعظم نواز شریف اور مالدیپ کے صدر نے بھی شرکت کی۔