غریب و متوسط طبقات کو حقوق دیئے بغیر ملک میں حقیقی تبدیلی نہیں آسکتی ‘اگر کوئی حقیقی تبدیلی یا انقلاب لا سکتا ہے تو متوسط اور غریب طبقات کے عوام ہی ہیں ‘اس لئے عوام کو چاہیے کہ وہ اس فرسودہ اور گلے سڑے استحصالی نظام سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے روایتی سیاستدانوں سے جان چھڑائیں

ایم کیو ایم آزادکشمیرکے پارلیمانی لیڈر ‘ جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی محمد طاہرکھوکھر کی عوامی وفود و کارکنوں سے گفتگو

جمعرات 7 مئی 2015 15:14

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 مئی۔2015ء) ایم کیو ایم آزادکشمیرکے پارلیمانی لیڈر ‘ جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی محمد طاہرکھوکھر نے کہا ہے کہ غریب و متوسط طبقات کو حقوق دیئے بغیر ملک میں حقیقی تبدیلی نہیں آسکتی ‘اگر کوئی حقیقی تبدیلی یا انقلاب لا سکتا ہے تو متوسط اور غریب طبقات کے عوام ہی ہیں اس لئے عوام کو چاہیے کہ وہ اس فرسودہ اور گلے سڑے استحصالی نظام سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے روایتی سیاستدانوں سے جان چھڑائیں‘ جاگیرداروں‘ وڈیروں‘ صنعت کاروں اور حکمرانوں کی اولادوں کو اسمبلیوں میں بھیجنے کے بجائے اپنی صفوں میں سے نمائندے چن کر اسمبلیوں میں بھیجیں تاکہ ان کی آواز اقتدار کے ایوانوں میں سنی جائے - یہاں مختلف عوامی وفود و کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے طاہرکھوکھر نے کہا کہ ایم کیو ایم ہی وہ واحد سیاسی تحریک ہے جو عملی طور پرغریب اور متوسط طبقات کی نمائندگی کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ مراعات یافتہ طبقات اپنے مفادات کو خطرہ میں دیکھتے ہوئے ہمیشہ ایم کیو ایم کے خلاف سازشیں اورپروپیگنڈاکرتے ہیں لیکن ملک کے عوام اب مزید ان کے جھانسے میں آنے کیلئے تیار نہیں یہی وجہ ہے کہ قائد تحریک الطاف حسین بھائی نے 120 گز کے گھر سے جوسیاسی سفر شروع کیا آج وہ پورے ملک کے غریب ‘ مظلوم ‘ محکوم اور بے بس عوام کیلئے امید کی کرن بن چکا ہے آج ایم کیو ایم اور قائد تحریک کا فکر و فلسفہ چاروں صوبوں اور آزادکشمیر میں مقبولیت حاصل کررہا ہے اور ملک بھر میں ایم کیو ایم کی نمائندگی موجود ہے - انہوں نے کہاکہ پاکستان کے سیاسی نظام اور انتظامی ڈھانچے کے کنویں میں ایڈھاک ازم ، دہشت گردی ، انتہاء پسندی اور طالبانائزیشن کا کتا پڑا ہے، فیوڈل ازم ، کرپٹ کلچر اور دہشت گردی کی بیماریوں کا مقابلہ ایم کیوایم ہی کر سکتی ہے - انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم تمام قومیتوں کے غریب و متوسط طبقے کے حقوق کے حصول کی جدوجہد کررہی ہے ، آج تمام قومیتیں ایم کیوایم کے پرچم تلے متحد و منظم ہوچکی ہیں اور اب ایم کیوایم کو تمام قومیتوں کے مظلوموں کی ملک گیر جماعت بننے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی ۔

متعلقہ عنوان :