منچن آباد، عطائی نے زچگی کے دوران غلط آپریشن کر کے مریضہ کو موت کی نیند سلا دیا

مقدمہ درج کر لیا گیا ،ملزم موقع سے فرار ،ورثاء کا شدید احتجاج ،ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ

جمعرات 7 مئی 2015 21:23

منچن آباد، عطائی نے زچگی کے دوران غلط آپریشن کر کے مریضہ کو موت کی نیند ..

منچن آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 مئی۔2015ء) عطائی نے زچگی کے دوران غلط آپریشن کر کے مریضہ کو موت کی نیند سلا دیا ،مقدمہ درج کر لیا گیا تاہم ملزم موقع سے فرار ہو گیا ،ورثاء نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔ تفصیلات کے مطابق بابا علی شاہ دربار کے نزدیک قبرستان میں قائم فاطمہ میٹرنٹی ہوم ہسپتال جہاں کوئی بھی کوالیفائیڈ ڈاکٹر یا عملہ نہ ہے میں عذراں بی بی نامہ خاتون کو زچگی کیلئے لے جایا گیاجہاں عطائی محمد اکرم اور اس کے اسسٹنٹ سجاد احمد نے 22 سالہ عذراں بی بی کا زچگی کا آپریشن چند روپوں کی لالچ میں خود ہی کر دیا ، آپریشن کے دوران عطائی محمد اکرم عذراں بی بی کی زیادہ ہو جانے والی بلیڈنگ کو نہ روک سکا ،جب اسے معلوم ہوا کہ یہ معاملہ اس کے بس سے باہر ہے تو اس نے عذراں بی بی کے خاوند محمد طفیل سے لی گئی فیس7000 روپے اس کے ہاتھ میں تھما دئیے اور کہا کہ اس کو سرکاری ہسپتال میں لے جاؤ ،مریضہ کی حالت بہت نازک ہے ،محمد طفیل مریضہ کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منچن آباد لے گیا جہاں ڈاکٹروں نے مریضہ کی حالت غیر دیکھ کر اسے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال بہاولنگر ریفر کر دیا۔

(جاری ہے)

بہاولنگر جاتے ہوتے راستے میں مریضہ دم توڑ گئی ۔ منچن آباد پولیس نے مدعی کی رپورٹ پر محمد اکرم کیخلاف قتل بالاسبب کی دفعہ 322 کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دئیے ۔ مریضہ کے ورثاء نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :