تھیلیسیمیا کاآگاہی پروگرام ضلعی سطح پر شروع کیا جائے‘ حمیدہ وحیدالدین

جمعہ 8 مئی 2015 16:56

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 مئی۔2015ء)وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحیدالدین نے کہا ہے کہ تھیلیسیمیا کی بیماری کا آگاہی پروگرام ضلعی سطح پر بھی شروع کیاجائے اور اس میں حکومت کے ساتھ ساتھ مخیرحضرات بھی اپنا کردار ادا کریں۔وہ یہاں چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں تھیلیسمیا کے مریضوں سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب سے خطاب کر رہی تھیں جس میں تھیلیسمیا سوسائٹی آف پاکستان کی صدر ڈاکٹر جویریہ منان ، چیف کوآرڈینیٹر عبدالمنعم خان ، عہدیداران کے علاوہ بچوں اور ان کے والدین نے بھرپور شرکت کی۔

حمیدہ وحیدالدین نے کہاکہ تھیلیسیمیا کے مریض بچوں سے مل کر مجھے بے حد خوشی ہوئی ہے کہ وہ نارمل بچوں سے بھی زیادہ چست اور توانا ہیں اور عزم و حوصلے سے اس بیماری سے لڑ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بچوں اور ان کے والدین کو یقین دلایا کہ حکومت اپنے محدود وسائل کے باوجود صحت کے شعبے میں بھرپور اقدام کر رہی ہے۔ انہوں نے تھیلیسیمیا سوسائٹی آف پاکستان کے کارکنوں کی بچوں کی بحالی اور فلاح و بہبود کیلئے جدوجہد کو سراہا۔ ڈاکٹر جویریہ منان اور عبدالمنعم خان نے سوسائٹی کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ بعدازاں صوبائی وزیر نے تقریب میں ورائٹی پروگرام پیش کرنے والے تھیلیسیمیا کے مریض بچوں میں انعامات تقسیم کئے۔