اسلامی یونیورسٹی کے صدر کی قاہرہ میں پولیو خاتمہ بارے بین الاقوامی مشاورتی گروپ کے اجلاس میں شرکت

اجلاس میں پولیو خاتمہ کے لیے یونیورسٹی کے اقدامات کی تعریف

جمعہ 8 مئی 2015 17:22

قاہرہ /اسلام آباد((اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 مئی۔2015ء) ) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے قاہرہ، مصر میں ہونے والے پولیو کے خاتمہ کے لیے بین الاقوامی مشاورتی گروپ کے دوسرے اجلاس میں شرکت کی جس میں ڈاکٹر الدریویش اور اسلامی یونیورسٹی کی پولیو کے خاتمے اور اس بارے آگاہی پیدا کرنے میں کردار کو سراہا گیا۔

قاہرہ میں ہونے والے اس اجلاس میں او آئی سی، اسلامی ترقیاتی بینک ، عالمی ادارہ صحت اور یونیسف سمیت ماہرین و علماء نے پاکستان ، صومالیہ اور افغانستان میں پولیو کی صورتحال کے علاوہ پولیو ویکسین بارے پھیلائی گئی غلط فہمیوں کے تدارک پر تفصیلی بحث کی۔ شرکاء نے اسلامی یونیورسٹی اور اس کے اقبال بین الاقوامی ادارہ برائے تحقیق و مکالمہ کی پولیو کے خاتمے میں خدمات کی تعریف کی اور جامعہ کی جانب سے پولیو خاتمے کے مشاورتی اجلاسوں اور نیاگ کے فورم سے کاوشوں کو بھی سراہا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکاء نے اس بات کی سفارش کی کہ پولیو کے بارے آگاہی و خاتمے کے ضمن میں میڈیا اپنا بنیادی اور اہم کردار ادا کرے ۔ میڈیا کو پولیو کے بارے میں پھیلی غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے استعمال کیا جائے۔ شرکاء نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ مسلم ممالک تما م وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے پولیو کے خاتمے کے لیے با معنی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے بارے عالمی پروگرام کو مزید فعال بنایا جائے۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پولیو ویکسین کے جائز ہونے بارے فتاویٰ کو ہر خاص و عام تک پہنچایا جائے۔ جس سے مرض کی ویکسین بارے پھیلی غلط فہمیوں کا سدباب کیا جا سکے گا۔ واضح رہے کہ اسلامی یونیورسٹی اس سے قبل ملک کے کئی ایک علاقوں میں پولیو بارے خصوصی ٹریننگ فراہم کر چکی ہے اور صدر جامعہ کا حالیہ دورہ پولیو کے خاتمے میں عملی اقدامات کے عمل کو تیز کرنے کے لیے جاری ان کی کاوشوں کی ایک کڑی ہے۔

متعلقہ عنوان :