صوبائی دارالحکومت میں سٹیٹ آف دی آرٹ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ وریسرچ سینٹر صحت عامہ کی سہولتوں میں شاندار اضافہ ہوگا

منصوبے کی تکمیل سے گردے اورجگر کے امراض کے حوالے سے جدیدترین طبی سہولتیں ایک چھت تلے دستیاب ہوں گی‘شہبازشریف کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سینٹرپاکستان میں اپنی نوعیت کا منفرد ادارہ ہوگا،نادار مریضو ں کا علاج مفت ہوگا تمام متعلقہ ادارے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سینٹر کو ہرممکن تعاون کی فراہمی یقینی بنائیں ‘وزیراعلیٰ کی ہدایت

جمعہ 8 مئی 2015 20:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 مئی۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ صوبائی دارالحکومت میں سٹیٹ آف دی آرٹ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ وریسرچ سینٹر قائم کیاجا رہاہے، نالج پارک میں قائم ہونے والا یہ منصوبہ صحت عامہ کی سہولتوں میں ایک شاندار اضافہ ہوگا ، منصوبے کی تکمیل سے گردے اورجگر کے امراض کے حوالے سے جدیدترین طبی سہولتیں ایک چھت تلے دستیاب ہوں گی، کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ وریسرچ سینٹرپاکستان میں اپنی نوعیت کا منفرد ادارہ ہوگا اور یہ منصوبہ صحت عامہ کے شعبہ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا ،ادارے میں غریب اور نادار مریضوں کا علاج مفت ہوگا-مفاد عامہ کے حوالے سے نہایت اہمیت کے حامل اس منصوبے کوقومی جذبے او رمحنت سے کام کرتے ہوئے تیز رفتاری سے مکمل کرناہے۔

(جاری ہے)

وہ یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سینٹر کے قیام کے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کے صدر ڈاکٹر سعید اخترنے منصوبے جبکہ بین الاقوامی کمپنی کے نمائندے نے منصوبے کے ابتدائی ڈیزائن کے حوالے سے بریفنگ دی -وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صحت کے شعبہ کی بہتری او رعوام کو جدید معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی سرفہرست ترجیحات میں شامل ہے-عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے محکمہ صحت میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے تیز رفتاری سے مکمل کئے جا رہے ہیں-صحت کے شعبہ کی ترقی اور علاج معالجہ کی سہولتیں بہتر سے بہتر بنانے کے لئے شعبہ صحت میں انقلابی نوعیت کی اصلاحات کی جا رہی ہیں-ہسپتالوں میں ڈاکٹروں او رادویات کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے بھی موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے-صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کے لئے اٹھائے گئے عملی اقدامات با رآور ثابت ہو رہے ہیں -انہوں نے کہاکہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سینٹر کا قیام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے -ادارے کے انتظامی معاملات کے لئے خود مختار بورڈز آف گورنرز تشکیل دیاگیاہے-پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سینٹر کو جنوبی ایشیاء کا سٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ بنایا جائے گا اور عالمی معیار کے اس ادارے میں بہترین ماحول میں معیاری طبی سہولتیں دستیاب ہوں گی-انہوں نے کہاکہ ادارے میں ریسرچ سنٹر بھی بنے گا -وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں جدت کے ساتھ سادگی کو ملحوظ خاطر رکھا جائے-وسائل قوم کی امانت ہیں انہیں امانت سمجھ کر صرف کیا جائے -صوبائی سٹیرنگ کمیٹی منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے تیز رفتاری سے اقدامات اٹھائے - تمام متعلقہ ادارے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے ادارے کو ہر ممکن تعاون کی فراہمی یقینی بنائیں - منصوبے کے حوالے سے مقرر کردہ ٹائم لائن کے حصول کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے- صوبائی سٹیرنگ کمیٹی منصوبے کے حوالے سے باقاعدگی سے اجلاس منعقد کرے -وزیراعلیٰ نے ادارے کے لئے طبی آلات کی خریداری کی غرض سے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی-کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کے صدر ڈاکٹر سعید اخترنے منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں قائم ہونے والایہ ادارہ بنچ مارک ہوگا او راس ادارے کومقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی-انہوں نے کہاکہ یہ ادارہ سٹیٹ آف دی آرٹ ہیلتھ کمپلیکس ہوگا-صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویر اسلم ملک، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، چیف سیکرٹری ،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایم ڈی سوئی ناردن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ ،چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو ، متعلقہ سیکرٹریز ، اعلیٰ حکام اور پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے بورڈز آف گورنرز کے ممبران نے اجلاس میں شرکت کی-

متعلقہ عنوان :